جموں و کشمیر میں جمعہ کے روز ایک نوجوان کشمیر ایڈمنسٹریٹو سروس (کے اے ایس) افسر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔
سجاد سمبریہ، جو ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر ادھمپور کے عہدے پر تعینات تھے، کو ان کی رہائش گاہ پر دل کا زبردست دورہ پڑا۔
انہیں فوری طور پر ڈسٹرکٹ اسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹر اپنی بہترین کوششوں کے باوجود ان کی جان نہ بچا سکے۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ضلع اسپتال ادھمپور نے کہا کہ 'گہرے غم اور رنج کے ساتھ یہ خبر دی جاتی ہے کہ سجاد سمبریہ - ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر، ادھمپور کو آج صبح ادھمپور میں ان کی رہائش گاہ پر دل کا شدید دورہ پڑا اور اسے صبح 8.20 پر ڈسٹرکٹ اسپتال ادھمپور کے ایمرجنسی وارڈ لایا گیا۔ ڈیوٹی پر مامور ڈاکٹروں نے انہیں بچانے کی کافی کوشش کی۔ تاہم 8.40 پر انہوں نے دم توڑ دیا۔'
سمبریہ 2011 بیچ کے جونیئر کے اے ایس افسر تھے۔
سجاد سمبریہ کے انتقال پر کے اے ایس برادری نے گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوگوار لواحقین سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔