حیدرآباد امبارکیشن پوائینٹ سے377عازمین حج پر مشتمل ساتویں قافلہ کو تلنگانہ حکومت کے مشیر اقلیتی بہبود جناب اے کے خان‘ صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی جناب محمد سلیم‘ صدر نشین آندھرا پردیش اسٹیٹ حج کمیٹی جناب غوث الاعظم‘ اسحٰق باشاہ ایم ایل سی اور دوسروں نے تلبیہ کی گونج میں ایر پورٹ روانہ کیا۔ Hajj Pilgrims Left Hyderabad
اس موقع پر ایکزیکٹیو آفیسر تلنگانہ بی شفیع اللہ ارکان حج کمیٹی جناب سید نظام الدین (نارسنگی)‘ جناب سید غلام احمد حسین‘ جناب سید عرفان الحق‘ جناب سید نذیر الدین‘عاصمہ سلطانہ‘ ارکان حج کمیٹی اے پی مولانا شیخ منظور احمد‘ جناب محمد عباد اللہ‘ مفتی سید ولی اللہ حسینی‘ جناب عطا اللہ‘ جناب منیرباشاہ‘ محمد باشاہ اور دوسرے موجود تھے۔
اس قافلہ کے ہمراہ اسحٰق باشاہ بھی سفر حج پر روانہ ہوئے۔ ایرپورٹ سے عازمین سعودی عریبین ایر لائنز کے ذریعہ جدہ پرواز کیے۔ اس طرح سات فلائیٹس کے ذریعہ اب تک جملہ 2639 عازمین کرام مکہ مکرمہ روانہ ہوچکے ہیں‘ جہاں وہ عمرہ کی ادائیگی کے بعد طواف اور دیگر عبادات میں مصروف ہیں۔
اے کے خان نے حج امور میں اپنے 25سالہ تجربات کی روشنی میں عازمین کو مفید مشورے دیئے۔ انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین میں کوئی گری پڑی چیز نہ اٹھائیں‘ وہاں کے قوانین کافی سخت ہوتے ہیں۔ واپسی تک عبادات کثرت سے کریں۔ صدر نشین حج کمیٹی محمد سلیم نے عازمین کو وداع کرتے ہوئے کہا کہ ان کو سب سے زیادہ توجہ عبادات کی ادائیگی پر دینی چاہئے‘ وہ اس سفر سے واپسی تک اپنی صحت کا خیال رکھیں‘ ٹھنڈے پانی کا استعمال نہ کریں۔ اہم کاغذات اور رقم کو حفاظت سے رکھیں۔
انہو ں نے کہا کہ اکثر لوگ شاپنگ میں وقت ضائع کرتے ہیں۔ ہمارے ملک میں ہی ہر چیز آسانی سے اور سستی مل جاتی ہے‘ مدینہ منورہ بے حد ادب کا مقام ہے‘ انہو ں نے مشورہ دیا کہ عازمین عمرہ ادا کرنے تک تلبیہ کا زیادہ سے زیادہ ورد کرتے رہیں۔ صدر نشین اے پی حج کمیٹی جناب غوث الاعظم نے اس موقع پر بتایا کہ حکومت آندھرا پردیش نے تمام عازمین کے لئے فی کس 60,000روپئے کی رقم ادا کرنے کا اعلان کیا ہے اور یہ رقم عازمین کے اکاؤنٹ میں جمع کروادی جائے گی۔ اس سے 896 عازمین کو فائدہ ہوگا۔ باقی عازمین کو فی کس 30,000روپئے ادا کئے جائیں گے۔
اے پی میں حج ہاؤز کی تعمیر کے لئے جگہ کی نشاندہی کرنے وزیراعلی جگن موہن ریڈی نے حج کمیٹی سے خواہش کی ہے۔ ایکزیکٹیو آفیسر تلنگانہ بی شفیع اللہ نے کہا کہ دو سال کے وقفہ کے بعد عازمین کی روانگی عمل میں آرہی ہے۔ انہو ں نے کہا کہ سعودی عرب کے قوانین سخت ہوتے ہیں اس لئے وہ کوئی ایسا کام نہ کریں‘ خاص کر نیچے گری ہوئی کوئی چیز نہ اٹھائیں۔ اسسٹنٹ ایکزیکٹیو آفسیر جناب عرفان شریف نے کارروائی چلائی۔ مولانا سید محمد علی قادری ممشاد پاشاہ نے فضائل و مناسک حج و عمرہ بیان کئے اور روضہ نبوی ﷺ کی زیارت کے آداب بیان کئے۔