جموں و کشمیر یونین ٹریٹری کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اتوار کے روز پولیس پریمیر لیگ ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا۔
یہ ٹورنامنٹ سری نگر کے سونا واری علاقے میں واقع شیر کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے اور اس میں ضلع سری نگر سے تعلق رکھنے والی کل 16 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔
ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر جموں وکشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ اور دیگر اعلیٰ پولیس افسران بھی موجود تھے۔
اس موقع پر موصوف پولیس سربراہ نے کہا کہ اس کرکٹ ٹورنامنٹ میں کل سولہ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے بچوں اور نوجوانوں کو بھی اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے اور اپنا کچھ وقت تفریح میں گذارنے کا موقع ملے۔
یہ بھی پڑھیں: زرعی بلوں کے خلاف کسان سڑکوں پر
بتادیں کہ ٹورنامنٹ کا اہتمام ضلع پولیس سری نگر نے کیا ہے۔
قبل ازیں یونین ٹریٹری کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور بھارت کے مشہور کرکٹر سریش رینہ نے جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں جموں وکشمیر پولیس وومنز کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا تھا۔
اس کرکٹ ٹورنامنٹ میں جنوبی کشمیر کے سبھی اضلاع کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ مشہور بھارتی کرکٹر سریش رینہ جموں وکشمیر کے کھلاڑیوں کی تربیت کرنے کے خواہاں ہیں اس سلسلے میں وہ جموں وکشمیر کے لیفٹننٹ گورنر سے حال ہی میں ملاقی بھی ہوئے۔