دارالحکومت جے پور میں رہائش پذیر ایک خاندان کے ہر فرد پیر کی شب یعنی یکم مارچ 2021 کو چھت پر چڑھ گئے اور چھت سے چھلانگ لگاکر سبھی نے خود کو ہلاک کرنے کی بات کہی۔
دریں اثنا اس خاندان کے ایک پڑوسی نے اس واقعہ کو دیکھ کر شور مچایا۔ پھر بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوگئے اور پولیس کو اطلاع دی گئی۔
پولیس اور سول ڈیفنس کی ٹیم کی کوششوں کے بعد متاثرہ خاندان کے تمام افراد کو نیچے لایا گیا۔
یہ واقعہ جے پور کے اہنسا سرکل میں واقع عمارت 'الوکیک بلڈنگ' کا ہے۔ جہاں ایک ہی خاندان تمام افراد پنچ منزلہ عمارت کی سب سے اوپری چھت پر چڑھ کر چھلانگ لگاکر خود کو ہلاک کرنے کی بات کر رہے تھے۔
مقامی افراد کے مطابق متاثرہ خاندان کے سبھی افراد نے بیک زبان ہوکر کہا کہ وہ خودکشی کرنے جا رہے ہیں۔ ان میں خواتین اور مرد حضرات سبھی شامل تھے۔
متاثرہ خاندان کی آواز سن کر لوگوں کا ہجوم جمع ہوگیا اور ان میں ایک شخص نے پولیس کو اطلاع دے دی۔
ان میں کوئی بھی فرد نیچے اترنے کو تیار نہیں تھا۔ تاہم پولیس اور سول ڈیفینس کی مدد سے سبھی افراد کو حفاظت کے ساتھ نیچے اُتار لیا گیا۔
پولیس کے مطابق متاثرہ خاندان نے جے پور کے 'ایس آر جی فنانس' سے قرض لیا تھا اور قرض بھی ادا کر دیا تھا۔ اس کے باوجود فنانس کمپنی کی جانب سے بار بار ان کے گھر کو نیلام کرنے کی بات کہی جا رہی تھی۔
پولیس نے متاثرہ خاندان کو سمجھایا ہے اور مناسب کارروائی کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔