پلوامہ: جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں مریضوں نے ماہر نفسیات ڈاکٹر ماجد کو ٹرانسفر کرنے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے انہیں ضلع اسپتال پلوامہ میں واپس تعینات کیے جانے کا مطالبہ کیا۔ ڈسٹرکٹ ہسپتال پلوامہ کے باہر درجنوں لوگوں نے محکمہ صحت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال میں ماہر نفسیات کی عدم دستیابی کے باعث سینکڑوں مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنے پڑ سکتا ہے۔ Psychiatrist Dr Majid Transferred, Locals Protest
احتجاج کر رہے لوگوں نے بتایا کہ ماہ رنفسیات ڈاکٹر ماجد کافی محنتی ہے اور ان کی محنت و لگن کے باعث اللہ تعالیٰ نے ہزاروں مریضوں کو شفا بخشی ہے۔ احتجاجیوں نے کہا: ’’ڈاکٹر ماجد انتہائی خلوص اور لگن کے ساتھ اپنی ڈیوٹی سر انجام دیتے ہیں اور وہ مریض کو نہ صرف ادویات بلکہ مشاورت کے ذریعے بھی ان کی کاؤنسلنگ کرتے ہیں۔‘‘Protest in District Hospital Pulwama
احتجاج کر رہے مریضوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا: ’’اس کے پیچھے ایک سوچی سمجھی سازش ہے اور بعض ڈاکٹر صاحبان اس ایماندار اور مخلص ڈاکٹر کو ڈسٹرکٹ ہسپتال سے ٹرانسفر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’دور دراز علاقوں سے مریض ڈاکٹر ماجد کے پاس معائنہ کے لیے آتے ہیں اور اُن کی اچانک منتقلی مریضوں کے لیے کافی تشویشناک ہے۔‘‘
لوگوں نے الزم عائد کرتے ہوئے کہا: ’’بعض ڈاکٹر صاحبان ضلع اسپتال میں گزشتہ دس برسوں سے کام کر رہے ہیں اور انکے تبادلہ کے بارے میں حکومت نے کوئی فیصلہ نہیں لیا اور محنتی اور مخلص ڈاکٹر کا ہی تبادلہ کیوں کیا جا رہا ہے۔‘‘ انہوں نے حکام سے ’’انسانی ہمدردی‘‘ کو مد نظر رکھ کر ڈاکٹر ماجد کو واپس ڈسٹرکٹ ہسپتال پلوامہ میں تعینات کرنے کی مانگ کی۔