جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ کی تحصیل حویلی میں سیڑھی خواجہ سے گگر کوٹ سیڑھی چوہانہ کی چار کلومیٹر لمبی سڑک انتہائی خستہ ہے۔
خستہ حال سڑک پر جگہ جگہ گہرے گڑھے بنے ہوئے ہیں جن میں جمع بارشوں کے پانی سے نہ صرف راہگیروں اور گاڑیوں کو عبور و مرور میں پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے بلکہ اس جمع پانی سے رہائشی مکانات اور فصلوں کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔
مقامی باشندوں کے مطابق خستہ حال سڑک پر بارشوں کا پانی کافی دیر تک جمع رہتا ہے اور نکاسی کا معقول انتظام نہ ہونے کے سبب سڑکوں پر جمع پانی کھیتوں میں چلا جاتا ہے جس کے سبب فصلیں بھی تباہ ہو جاتی ہیں۔ علاوہ ازیں اس پانی سے رہائشی مکانات کو بھی خطرہ لاحق ہے۔
مزید پڑھیں: رابطہ سڑک تو بنی لیکن انسان بے گھر ہونے لگے
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی باشندوں کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں متعلقہ حکام سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہے، انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام نکاسی کے لیے کچی اور عارضی ڈرین کا منصوبہ رکھتے ہیں جس کی مقامی آبادی قطعاً اجازت نہیں دیگی۔
انہوں نے اس ضمن میں متعلقہ حکام بشمول ضلع انتظامیہ سے خستہ حال سڑک کی مرمت کے علاوہ نکاسی کا معقول انتظام کرنے کی گزارش کی۔