ممبئی: مہاراشٹر میں اجیت پوار کے بی جے پی میں شامل ہونے کی خبروں کے درمیان، مہاراشٹر اسمبلی کے اسپیکر راہل نارویکر بھی اپنا جاپان کا دورہ درمیان میں چھوڑ کر واپس آ رہے ہیں۔ وہ آج شام تک ممبئی واپس آجائیں گے۔ ایسے میں ان قیاس آرائیوں کو مزید ہوا مل رہی ہے۔ اس دوران اجیت پوار کے میڈیا کے سامنے اپنا نقطۂ نظر پیش کرنے کی خبریں بھی سامنے آرہی ہیں۔ ان تمام قیاس آرائیوں اور افواہوں کے درمیان مہاراشٹر کی سیاسی گھمسان میں کس پارٹی کے پاس کتنے ایم ایل اے ہیں یہ جاننا بے حد ضروری ہوگیا ہے۔
سن 2019 میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو 288 میں سے سب سے زیادہ 105 سیٹیں ملی تھیں۔ اس کے بعد شیوسینا (غیر منقسم) کو 56 سیٹیں ملیں۔ اس کے بعد این سی پی کو 53 اور کانگریس کو 44 سیٹیں ملیں۔ بہوجن وکاس اگھاڑی کو تین، سماج وادی پارٹی کو دو، پرہار جن شکتی پارٹی کو دو سیٹیں ملی ہیں۔ پی ڈبلیو پی آئی کو آٹھ اور ایک آزاد امیدوار کو نشست ملی۔ فی الحال شیو سینا میں بغاوت کے بعد ایکناتھ شندے نے 40 اراکین اسمبلی کے ساتھ بی جے پی سے ہاتھ ملایا اور پچھلے برس جون کے مہینے میں شندے-فڑنویس کی حکومت بنائی۔
یہ بھی پڑھیں:
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیراعلیٰ دیویندر فڈنویس سے این سی پی قائد اجیت پوار کی ملاقات کے بعد قیاس آرائیوں کا دور اچانک گرم ہو گیا تھا اور افواہیں اڑ رہی تھیں۔ اس کے بعد اجیت پوار کے تمام پروگرام بھی منسوخ ہوگئے تھے، چندر شیکھر باونکولے اچانک دہلی روانہ ہوئے تھے۔ اور اندیشہ ظاہر کیا جارہا تھا کہ وہ بی جے پی میں شامل ہوسکتے ہیں، لیکن اجیت پوار نے بی جے پی میں شامل ہونے کی قیاس آرائی پر خاموشی توڑی تھی اور جواب دیا تھا کہ وہ این سی پی میں ہیں اور اسی پارٹی میں رہیں گے۔