اورنگ آباد شہر میں اس پالکھی کا والہانہ استقبال کیا گیا، آزادی کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب سرحد پار سے گرونانک دیو جی کی پالکھی بھارت پہنچی، اس موقع پر سکھ برادری میں زبردست جوش وخروش نظر آیا۔
سکھ مذہب کے بانی بابا گرو نانک دیوجی کا دنیا بھر میں پانچ سو پچاس واں 'پرکاش پرو' جنم دن منایا جارہا ہے، ملک کی آزادی کے بعد ستر برسوں میں پہلی بار پاکستان کے ننکانہ صاحب سے گرو نانک دیو جی کی پالکھی یکم اگست کو واگھہ بارڈر کے راستے بھارت میں داخل ہوئی۔ اس میں ایک سو پچاس پاکستانی سکھ بھائی شامل تھے بعد میں اس پالکھی کی کمان بھارتی بربندھک کمیٹی کے سپرد کردی گئی اور اس طرح گرو نانک دیو جی کی یہ پالکھی اورنگ آباد پہنچی تو ہزاروں عقیدت مندوں کا ہجوم امڈ پڑا، اس پالکھی کی قیادت پانچ پیارے کررہے ہیں۔ سکھ بھائیوں نے پالکھی کے سفر پر کچھ یوں روشنی ڈالی۔
اس پالکھی میں گرونانک دیو جی کے کھڑاؤ، استعمال کی اشیا اور ہتھیار شامل ہیں جو سکھ برادری کے لیے بڑے مقدس تصور کیے جاتے ہیں، پرکاش پرو کی مناسبت سے ہر برس نگر کیرتن کیا جاتا ہے ، نگر کیرتن کا مقصد سکھ کمیونٹی میں گرو نانک جی کی تعلیمات کو عام کرنا اور ان پر صدق دل سے عمل کرنے کا عزم کرنا ہر سکھ کے لیے لازمی ہوتا ہے۔
سکھ مذہب کے بانی گرونانک جی کی پیدائش پاکستان کے ننکانہ صاحب میں ہوئی تھی، اس لحاظ سے سکھ کمیونٹی میں ننکانہ صاحب سے نکلی یہ پالکھی غیر معمولی اہمیت کی حامل ہے۔ یہ پالکھی پچھلے دیڑھ مہینے سے ملک بھر کے گرودواروں کا دورہ کررہی ہے۔