گزشتہ کل تک یہ طے کرلیا گیا تھا کہ مہاراشٹر میں شیوسینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے بحیثیت وزیراعلیٰ اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سینیئر رہنما اجیت پوار نائب وزیراعلیٰ اور کانگریس سے ایک سینیئر رہنما بھی ریاست کے نائب وزیراعلیٰ بنیں گے لیکن رات گزری اور صبح کے سویرے نے سب کچھ بدل دیا۔
کسی کے یہ وہم و گمان میں نہیں تھا کہ اچانک ایسا کوئی واقعہ ہوگا۔ راتوں رات حکومت سازی کا فیصلہ کیسے کرلیا گیا کہ کسی کو کانوں کان خبر تک نہیں ہوئی۔
صبح میں وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف لینے کے بعد دیویندر فڑنویس دوپہر میں جب پارٹی دفتر پہنچے تو وہاں موجود بھارتیہ جنتا پارٹی کے کارکنان نے ان کا شاندار استقبال کیا۔
کل تک جس بی جے پی دفتر کے باہر سناٹا چھایا تھا اب وہاں جشن کا ماحول ہے صبح میں فڑنویس کے ذریعے وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف لینے کا بعد بی جے پی کے کارکنان پارٹی دفتر پر اکٹھا ہوئے اور فڑنویس کا ڈھول باجے کے ساتھ شاندار استقبال کیا۔