دو برس قبل یعنی 14 فروری 2019 کو پلوامہ میں خودکش حملے میں ہلاک ہوئے فوجی اہلکاروں کو وزیر داخلہ امت شاہ، مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور گانگریس کے سیئنر رہنما راہل گاندھی نے خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
امت شاہ نے فوجی جوانوں کو یاد کرتے ہوئے لکھا: 'میں ان بہادر جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے 2019 میں اس دن پلوامہ حملے میں اپنی جان گنوا دی۔ بھارت ان قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گا۔'
وہیں وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے ٹویٹ کیا: ' میں ان سی آر پی ایف اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے 2019 کے پلوامہ حملے میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔'
انہوں نے مزید لکھا کہ ' بھارت قوم کے لئے ان کی خدمات اور ان کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گا۔ ہم ان کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں جنھیں اس حملے کی وجہ سے تکلیف اٹھانی پڑی۔'
وہیں کانگریس کے سینئر رہنما راہل گاندھی نے لکھا:' میں پلوامہ حملے میں ہلاک ہوئے بہادر فوجیوں اور ان کے اہل خانہ کو خراج تحسیں پیش کر تا ہوں۔ملک آپ کا مقروض ہے۔'
واضح رہے کہ اس خودکش حملے میں 40 سے زیادہ بھارتی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔ یہ حملہ پلوامہ سے تعلق رکھنے والے ایک کشمیری نوجوان عادل احمد ڈار نے سرانجام دیا تھا۔ گذشتہ کئی دہائیوں میں سکیورٹی فورسز کے خلاف ہونے والا یہ شدید ترین حملہ تھا۔
اس خطرناک حملے کے بعد سیکورٹی فورسز نے جیش محمد تنظیم پر شدید کاروائی کرکے انکے درجنوں کمانڈرز سمیت جیش سے وابستہ عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا۔
اس حملے سے بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ کی صورتحال پیدا ہوگئی۔ تاہم بین الاقوامی ممالک کی ثالثی کے بعد ان دونوں ہمسایہ ممالک کے بیچ جنگ کے خطرات تو ٹل گئے لیکن دونوں ممالک کے رشتے تعطل کے شکار ہوگئے اور آج بھی دونوں کے درمیان تلخی برقرار ہے۔