جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع کے دیوسر علاقے میں پولیس نے اونچی پہاڑیوں میں پھنسے 22 افراد کو بچایا اور انہیں محفوظ جگہ پر منتقل کیا۔
دیوسر پولیس کو بھاری برفباری کے نتیجے میں پھنسے گوجر بکروال طبقہ کی جانب سے فون کال موصول ہوئی تھی کہ وہ خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔
اس دوران پولیس کی ٹیم جائے موقع پر پہنچی اور کئی کلو میٹر پیدل چل کر تمام افراد کو بحفاظت مڈل اسکول دیوسر میں منتقل کیا۔ متاثرہ افراد نے پولیس کا شکریہ ادا کیا ہے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے جموں و کشمیر کے حساس بالائی اضلاع میں برفانی تودے اور پسیاں گرنے کا انتباہ جاری کیا ہے۔
پونچھ، راجوری، رامبن، جواہر ٹنل، ڈوڈہ، کشتواڑ، اننت ناگ، کولگام، کپواڑہ اور ٹنگڈار کے بالائی علاقوں کے لیے اوسط درجے کا انتباہ جاری کیا گیا ہے۔
اسی طرح گلمرگ، گریز، کنزلون اور سونہ مرگ کے بالائی علاقوں کے لیے کم درجہ کی پسیاں گر آنے کا انتباہ جاری کیا گیا ہے۔ ان علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو گھروں سے باہر نہ نکلنے کا مشورہ دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناگہانی حادثات سے انہیں محفوظ رکھا جا سکے۔