مرکز کے زیر انتظام ریاست جموں و کشمیر کے ضلع ادھمپور کے سیلا تالاب کے علاقے میں گذشتہ شب جِم سے گھر لوٹ رہے نوجوان پر کچھ نامعلوم نوجوانوں نے تیز دھار ہتھیاروں سے حملہ کردیا۔
اس حملے میں نوجوان زخمی ہوگیا جس کو مقامی لوگوں اور دکانداروں نے ادھمپور ڈسٹرکٹ ہسپتال میں داخل کرادیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے، جبکہ ڈاکٹرز نے نوجوان کی حالت خطرے سے باہر ہونے کی اطلاع دی ہے۔
زخمی نوجوان کی شناخت محمد ثاقب ولد عبدالرشید کے طور پر کی گئی ہے، جو چیری سویل کا رہنے والا ہے۔
زخمی ثاقب کے مطابق جِم سے واپس آتے ہوئے ساحل، مینک، پلک اور کچھ دیگر نوجوانوں نے اسے گھیر لیا اور اس پر حملہ کردیا۔
پولیس نے اس معاملے میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے تاہم خبر لکھے جانے تک حملہ آور پولیس کی گرفت سے باہر تھے۔
واضح رہے کہ پولیس ان حملہ آوروں کو گرفتار کرنے کے لیے ان کے ٹھکانوں پو چھاپے ماری کررہی ہے۔