دارالحکومت دہلی میں عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے دہلی خواتین کمیشن کی صدر سواتی مالی وال کی بھوک ہڑتال کا معاملہ جمعرات کوراجیہ سبھا میں اٹھایا اور کہا کہ حکومت کو ان سے بات کرنی چاہیے۔
سنجے سنگھ نے ایوان میں وقفہ صفر کے دوران یہ معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ محترمہ مالیوال خواتین کی حفاظت کے سلسلے میں تین دسمبر سے بھوک ہڑتال پر ہیں اور ان کی حالت خراب ہوتی جارہی ہے، وہ نربھیا کیس کے قصورواروں کو پھانسی کی سزا دینے، عصمت دری کی متاثر خواتین کو انصاف دلانے کے لیے فاسٹ ٹریک کورٹ تشکیل دینے اور متعلقہ معاملوں کو چھ مہینوں کے اندر سلجھانے کا مطالبہ کررہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے نمائندوں کو محترمہ مالیوال سے ملنا چاہیے اور بھوک ہڑتال ختم کرانے کی کوشش کرنی چاہیے۔
بہوجن سماج پارٹی کے ستیش چندر مشرا نے دہلی کے منڈی ہاؤس میں نابینا لوگوں کے احتجاجی مظاہرے کا معاملہ اٹھایا اور کہا کہ حکومت خصوصاً لیبر اور روزگار کی وزارت اور ریلوے کی وزارت کو ان کے مطالبات پر توجہ دینی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کا انتخاب ریلوے میں مختلف عہدوں پر ہوچکا ہے، لیکن انہیں تقرری نہیں جارہی ہے۔
اس پر سماجی انصاف اور تفویض اختیارات تھاورچند گہلوت نے کہاکہ دھرنے کے دوران ان کی وزارت اور ریلوے کی وزارت کے افسر ان لوگوں سے ملنے گئے تھے لیکن معاملہ حل نہیں ہوسکا۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ریلوے کے وزیر پیوش گوئل سے بات کی جائےگی۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کے ستیہ نارائن جٹیا نے قدرتی آفات اور حادثوں کے وقت سماجی تنظیموں کا تعاون لینے پر زور دیا۔
انہوں نے وقفہ صفر کے دوران دہلی کے اناج منڈی علاقے میں آگ لگنے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایسے حادثوں کو روکنے کے لیے سماجی تنظیموں کی مدد لینی چاہیے۔