کانگریس کے میڈیاسیل کے انچارج رندیپ سنگھ سورجے والا نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں باضابطہ پریس بریفنگ میں کہا کہ 'عام انتخابات میں ملک کے سامنے موجود بے روزگاری، کسانوں کے مسائل، معاشی بد حالی، بد عنوانی اور سماج میں برھنے والے عدم برداشت کے جذبات جیسے سوالات کا بی جے پی کے پاس کوئی جواب نہیں ہے اس لیے سوالات پر پردہ ڈال کر عوام کو گمراہ کرنے کے لیے اس طرح کے من گھڑت الزام لگائے جارہے ہیں'۔
مسٹر سورجے والا نے کہا کہ 'مسٹرگاندھی نے تین مارچ 2008 کو ہریانہ میں پلول کے ہسرپور گاؤں میں تقریباً 6 ہیکٹیئر زمین خریدی تھی۔ اس زمین کی قیمت 26 لاکھ 47 ہزار روپیے تھی اور اس رقم کی ادائیگی چیک سے کی گئی۔ اس زمین کے تعلق سےضابطے کےمطابق اسٹامپ ڈیوٹی بھی دی گئی'۔
انہوں نے کہا کہ 'بعد میں یعنی 26 جولائی 2012 کو مسٹر گاندھی نے یہی زمین اپنی بہن پرینکا گاندھی کو تحفے میں دے دی جس کے لیے ایک لاکھ 93 ہزار روپیے رجسٹری فیس بھی بھری گئی ۔محترمہ پرینکا نے 12 اگست 2014 کو یہ زمین ایک روحانی ادارے وِپاسنا سادھنا سنستھان کو عطیہ کر دیا'۔