کانگریس کے سینئر رہنما منیش تیواری نے بر سر اقتدار پارٹی بی جے پی کے سربراہ امت شاہ پر اپنے حلف نامے میں گجرات کے گاندھی نگر میں واقع اراضی کی مالیت چھپانے کا الزام لگایا ہے۔
منیش تیواری نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ امت شاہ نے گاندھی نگر سے پرچہ نامزدگی داخل کرتے ہوئے املاک کا حلف نامہ دیا ہے، جس میں امت شاہ نے گاندھی نگر میں ایک پلاٹ(اراضی)کی مالیت 25 لاکھ روپے بتائی جبکہ گجرات کی سرکاری جنتری کے مطابق اس پلاٹ کی قیمت 66لاکھ 55 ہزار 530 روپے ہے۔
منیش تیواری نے کہا کہ قانون کے مطابق اس طرح مالیت چھپانا جرم ہے، اس لئے اس مبینہ جرم کے لئے الیکشن کمیشن کو امت شاہ کے خلاف کاروائی کرنی چاہئے۔
انہوں نے اس بات کا اشارہ بھی دیا کہ اگر الیکشن کمیشن نے کاروائی نہیں کی تو وہ عدالت کا سہارا لے سکتے ہیں۔