انڈین پریمیئر لیگ 2021 میں راجستھان رائلز ٹیم نئے کپتان کے ساتھ جبکہ پنجاب ٹیم نئے نام(پنجاب کنگز) کے ساتھ اپنی مہم کا آغاز کریں گی۔
راجستھان رائلز کے نئے کپتان سنجو سیمسن, لوکیش راہل کی سربراہی والی ٹیم پنجاب کنگز ٹکر دے گی۔ ٹورنامنٹ کے 13 سیزن کنگز الیون پنجاب کے نام سے کھیلنے والی پنجاب ٹیم نے اس بار اپنا نام تبدیل کرکے پنجاب کنگز رکھ لیا ہے۔
دوسری جانب راجستھان نے گزشتہ سیزن میں ٹیم کی کمان سنبھالنے والے آسٹریلیائی بلے باز اسٹیو اسمتھ کو ریلیز کر دیا تھا جس کے بعد نوجوان کھلاڑی سنجو سیمسن کو ٹیم کی قیادت سونپی ہے جبکہ اسٹیو اسمتھ اب دہلی کیپیٹلز ٹیم کی نمائندی کریں گے۔
راجستھان رائلز کو امید ہے کہ سیمسن کو کپتان بنانے سے ٹیم کو فائدہ ہوگا۔ اس ٹیم کے پاس انگلینڈ کے دو بہترین کھلاڑی آل راؤنڈر بین اسٹوکس اور وکٹ کیپر بلے باز جوز بٹلر موجود ہیں جو اپنے دم پر میچ کا رخ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
حالانکہ نئے کپتان سنجو سیمسن بھی وکٹ کیپر بلے باز ہیں لیکن جوز بٹلر کی موجودگی میں انہیں وکٹ کیپنگ کی بجائے کپتانی پر توجہ دینے میں آسانی ہوگی جس کی وجہ سے ان پر دباؤ تھوڑا کم ہوگا۔
راجستھان رائلز کو پہلے میچ میں انگلینڈ کے تجربہ کار تیز گیند باز جوفرا آرچر کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی۔ اس کے باوجود ٹیم کے پاس آسٹریلیا کے اینڈریو ٹائی اور بنگلہ دیش کے مستفیض الرحمٰن کی شکل میں دو بہترین تیز گیند باز ہیں اس کے علاوہ بائیں ہاتھ کے بھارتی تیز گیند باز جے دیو انادکٹ بھی ٹیم کے گیند بازی شعبے کو مضبوط کریں گے۔
دوسری جانب پنجاب ٹیم کے کپتان لوکیش راہل نے رواں برس عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ راہل آئی پی ایل کے گزشتہ سیزن میں پنجاب کی جانب سے سب سے کامیاب بلے باز تھے جس کی مبدولت ٹیم نے بہتر کارکرگی کا مظاہرہ کیا تھا۔
اس کے علاوہ پنجاب کنگز میں کرس گیل اور نکولس پورن جیسے جارحانہ بلے باز موجود ہیں جبکہ ریلی میریڈیتھ اور کرس جارڈن جیسے گیند باز موجود ہیں۔