آئی سی سی کرکٹ عالمی کپ کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیت دکھانے کا بڑا پلیٹ فارم ہے اور اس بار بھی کئی ایسے کھلاڑی میدان پر اتریں گے جو عالمی کپ میں اپنی چھاپ چھوڑنے کے لیے تیار ہیں۔
عالمی کپ کی تاریخ میں کئی ایسے کھلاڑی ہیں جنہیں چھکے لگانے میں مہارت حاصل ہے۔
آئیے ایک نظر ڈالتے ہیں ان بلے بازوں پر جنہوں نے عالمی کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ چھکے لگائے ہیں۔
اے بی ڈی ویلیئرز: عالمی کپ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بلے بازوں کی فہرست میں جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اور جارحانہ بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز کا نام سرفہرست ہے۔
مسٹر 360 کے نام سے مشہور اے بی ڈی ویلیئرز نے 23 عالمی کپ میچوں میں ملک کی نمائندگی کی ہے اور 32 چھکے لگائے ہیں۔
انہوں نے 2015 عالمی کپ میں جنوبی افریقہ کی کپتانی کی تھی اور ٹیم کو سیمی فائنل تک پہنچانے میں اہم کرادا ادا کیا تھا۔
ڈی ویلیئرز نے اپنے یک روزہ کریئر میں 148 چھکے لگائے ہیں۔
رکی پونٹنگ: آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے سب سے کامیاب کپتان رکی پونٹنگ اس فہرست میں دوسرے مقام پر ہیں۔
انہوں نے اپنے عالمی کپ کریئر میں 46 میچوں میں 31 چھکے لگائے ہیں۔
دائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے اپنی کپتانی میں آسٹریلیا کو دو مرتبہ عالمی چیمپیئن بنایا ہے، پونٹنگ نے یک روزہ کریئر میں 162 چھکے لگائے ہیں۔
کرس گیل: یونیورسل باس کے نام سے مشہور ویسٹ انڈیز کے جارحانہ بلے باز کرس گیل اور چھکوں رشتہ کافی پرانہ ہے اور اس فہرست میں ان کا نام تیسرے نمبر پر آتا ہے۔
اس مرتبہ گیل اپنا پانچواں عالمی کپ کھیلیں گے ۔ انہوں نے عالمی کپ میں 29 چھکے لگائے ہیں۔
اس سیزن میں کرس گیل کے پاس سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بلے بازوں کی فہرست میں پہلے مقام پر جانے سنہری موقع ہے، کیوں کہ ان سے آگے رکی پونٹنگ اور اے بی ڈی ویلیئرز ہیں لیکن یہ دونوں بلے باز ریٹائر ہو چکے ہیں۔
ہرشل گبس: جنوبی افریقہ کے سابق بلے باز ہرشل گبس کے نام ایک اوور میں چھ چھکے لگانے کا ریکارڈ ہے۔
گبس نے 25 عالمی کپ میچ کھیلے ہیں اور 28 چھکوں کے ساتھ چوتھے مقام پر ہیں۔
سچن تیندولکر اور سنتھ جئے سوریہ: بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق بلے باز ماسٹر بلاسٹر سچن تیندولکر اور سری لنکا کے بلے باز سنتھ جئے سوریہ اس فہرست میں مشترکہ طور پر پانچویں مقام پر ہیں۔
ان دونوں بلے بازوں نے 27، 27 چھکے لگائے ہیں۔
سچن نے چھ عالمی کپ کھیلے ہیں اور اس میں انہوں نے 27 چھکے لگائے ہیں۔
جبکہ سری لنکا کے بلے باز سنتھ جئے سوریہ نے پانچ عالمی کپ میں اپنے ملک کی نمائندگی کی ہے اور اس میں وہ 27 چھکے لگانے میں کامیاب رہے ہیں۔