میزبان نیوزی لینڈ نے اپنی تاریخ کی 100 ویں ٹسٹ جیت درج کی اور دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی۔
بھارت نے چار وکٹ پر 144 رنز سے اپنی اننگز کو آگے بڑھا یا لیکن اس کے بلے باز وکٹ پر ٹکنے کا کوئی جذبہ نہیں دکھا سکے اور اس کی دوسری اننگز محض 191 رنز پر سمٹ گئی۔ نیوزی لینڈ کو نو رن کا ہدف ملا جو اس نے 1.4 اوور میں بغیر کوئی وکٹ گنوائے حاصل کر لیا۔ نیوزی لینڈ کو اس جیت سے آئی سی سی ٹسٹ چمپئن شپ میں 60 پوائنٹس حاصل ہوئے جبکہ ہندوستان کو چمپئن شپ میں پہلی بار شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
تیز گیند باز ٹم ساؤتھی نے 61 رن پر 5 وکٹ اور ٹرینٹ بولٹ نے 39 رن پر چار وکٹ لے کر ہندوستانی اننگز کو تہس نہس کر دیا۔ہندوستان نے چوتھے دن اپنے باقی چھ وکٹ صرف 47 رن جوڑ کر گنوا دئیے. میچ میں کل نو وکٹ لینے والے ساؤتھی کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔
نیوزی لینڈ نے اس طرح ہندوستان کے خلاف تیسری بار ٹسٹ میچ میں 10 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ نیوزی لینڈ نے اس سے پہلے 1989/90 میں کرائسٹ چرچ میں اور 2002/03 میں ویلنگٹن میں ہندوستان کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔