تیز گیند باز محمد سمیع کے خلاف گزشتہ روز گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا گیا تھا اور 15 دنوں کے اندر خودسپردگی کی ہدایت دی گئی تھی لیکن ان کے وکیل سمیع کی گرفتاری پر روک لگانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
واضح رہے کہ محمد سمیع بھارتی ٹیم کے ساتھ ویسٹ انڈیز دورے پر تھے اسی دوران ان کے خلاف گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا گیا تھا جبکہ سمیع ویسٹ انڈیز دورہ مکمل ہونے کے بعد امریکہ چلے گئے تھے اور اب وہ بی سی سی آئی کے علاوہ اپنے امریکی وکیل سے بھی مسلسل رابطے میں ہیں۔
محمد سمیع پر ان کی بیوی حسین جہاں نے گھریلو تشدد کا الزام لگایا تھا اور عدالت نے ان کے خلاف گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا تھا۔
اس معاملے میں بی سی سی آئی کے ایک افسر نے بتایا کہ ویسٹ انڈیز دورہ مکمل ہونے کے بعد سمیع امریکہ چلے گئے تھے اور وہ 12 ستمبر کو واپس لوٹیں گے، انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں سمیع اپنے وکیل سے رابطے میں ہیں جبکہ انہوں نے بی سی سی آئی کو بھی اس معاملے سے آگاہ کیا ہے۔
سمیع کی گرفتاری کے وارنٹ جاری ہونے کے بعد بی سی سی آئی کی جانب سے کہا گیا تھا کہ جب تک وہ چارج شیٹ نا دیکھ لیں تب تک ان کے خلاف کسی بھی قسم کی کاروائی نہیں کی جائے گی۔