اقوام متحدہ نے بھارت کی گیتا سبھروال کو تھائی لینڈ میں ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر مقرر کیا ہے۔
اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر کو ملکی سطح پر اقوام متحدہ کے ترقیاتی نظام کا اعلی درجے کا نمائندہ مانا جاتا ہے۔ در اصل ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹرز اقوام متحدہ کے رکن ممالک کی رہنمائی کرتے ہیں اور 2030 کے ایجنڈے کو نافذ کرنے میں ممالک کو اقوام متحدہ کے مشترکہ تعاون کو مربوط کرتے ہیں۔
ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کے نامزد نمائندے ہوتے ہیں۔ وہ اقوام متحدہ کے سربراہ کو رپورٹ کرتے ہیں۔
اقوام متحدہ نے بدھ کو ایک پریس ریلیز میں کہا کہ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریز نے میزبان حکومت کی منظوری سے تھائی لینڈ میں بھارت کی گیتا سبھروال کو اقوام متحدہ کا ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر مقرر کیا ہے۔
سبھروال کو مالدیپ سمیت پانچ ایشیائی ممالک میں ترقی، امن سازی، حکمرانی اور سماجی پالیسی میں 25 برسوں کا طویل تجربہ ہے۔
انہوں نے حال ہی میں اقوام متحدہ کی طرف سے سری لنکا میں 'پیس بلڈنگ اینڈ ڈویلپمنٹ ایڈوائزر' کی حیثیت سے تقریبا 7 برسوں تک خدمات انجام دیں۔
اقوام متحدہ میں شامل ہونے سے قبل سبھروال نے مالدیپ اور سری لنکا کے لیے 'ایشیا فاؤنڈیشن' کے نائب کنٹری نمائندے کے طور پر کام کیا۔
واضح رہے کہ 'ایشیا فاؤنڈیشن' ایک غیر منفعتی بین الاقوامی ترقیاتی ادارہ ہے جو پورے ایشیاء میں لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
سبھروال نے برطانیہ میں مقیم یونیورسٹی آف ویلز سے 'ڈپلومیٹک مینجمنٹ' میں ماسٹر ڈگری حاصل کی ہے۔