جنتا دل یونائیٹیڈ کے نائب صدر و وزیراعلیٰ نتیش کمار کے بیحد قریبی مانے جانے والے رہنما سید محمود اشرف کا آج حیدرآباد کے ایک ہسپتال میں علاج کے دوران انتقال ہوگیا۔
محمود اشرف کے رشتہ دار و سابق رکن اسمبلی رکن الدین کے مطابق وہ پیلیا (جونڈس) کی بیماری میں مبتلا تھے۔ تقریباً ایک ماہ سے وہ ہسپتال میں زیر علاج تھے۔
ضلع پورنیہ کے بیریاہ گاوٓں سے تعلق رکھنے والے سید محمود اشرف 63 سال کے تھے۔ وہ اپنے پیچھے چار بیٹے سید عامر جلانی، سید کبیر احمد، سید نورالعین، سید احمد معین اور بیٹی نور امن کو چھوڑ گئے ہیں۔
سیمانچل کی سیاست میں وہ ایک بڑا نام تھے۔ انہوں نے پہلی دفع سنہ 1999 میں پورنیہ سے پارلیمانی انتخاب میں حصہ لیا تھا۔ بعد میں انہوں نے جے ڈی یو کی ٹکٹ سے 2009 اور 2019 میں کشن گنج سے قسمت آزمایا۔ سال 2014 میں بھی انہوں نے کوشش کی تھی لیکن ٹکٹ نہ ملنے کی وجہ سے وہ انتخاب میں حصہ لینے سے محروم رہ گئے۔
سید محمود اشرف کے انتقال سے نہ صرف کشن گنج اور سیمانچل بلکہ پورے بہار میں شدید غم کا ماحول ہے۔ان کے انتقال پر وزیراعلیٰ نتیش کمار نے بھی افسوس ظاہر کیا ہے۔
ان کی لاش کو حیدرآباد سے لایا جا رہا ہے۔ آخری دیدار کے لیے لاش کشن گنج جے ڈی یو دفتر میں رکھا جائے گا۔ تدفیم آئندہ کل ہوگی۔