کانگریس پارٹی کے رہنما راہل گاندھی 28 جنوری کو جے پور میں ایک ریلی سے خطاب کریں گے۔
مسٹر گاندھی صبح گیارہ بجے البرٹ ہال رامنواس باغ میں ریلی سے خطاب کریں گے۔ اس ریلی کو 'یووا آکروش ریلی' کا نام دیا گیا ہے، جس میں بنیادی طور پر نوجوان شرکت کریں گے۔
نائب وزیر اعلی سچن پائلٹ اور کانگریس ریاستی انچارج اویناش پانڈے نے ریلی کی جگہ پر پہنچ کرتیاریوں کا جائزہ لیا۔ اس دوران وزیر صحت ڈاکٹر رگھو شرما بھی موجود تھے۔
وزیر اعلی اشوک گہلوت نے مرکزی حکومت پر الزام لگاتے ہوئے کہا 'کہ ملک میں بے روزگاری بڑھ رہی ہے اور بڑھتی مہنگائی کے ہم سب شکار ہیں'۔
تجارت و صنعت بحران کا سامنا کر رہے ہیں۔ مرکز میں بی جے پی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک کی معیشت کی حالت ابتر ہے۔
نوجوانوں میں مایوسی اور غصہ ہے لیکن مرکزی حکومت ان مسائل پر خاموش ہے اور عام لوگوں کی توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہی ہے۔ ان سب معاملوں کو اجاگر کرنے کے لئے مسٹر راہل گاندھی یووا آکروش ریلی سے خطاب کرنے جے پور آ رہے ہیں۔
ریلی کی تیاری کے لئے پہلے ہی یوتھ کانگریس اور نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا (این ایس یو آئی) کی میٹنگ کی جا چکی ہے جس میں مسٹر گہلوت، مسٹر پائلٹ اور مسٹر پانڈے سمیت کئی کانگریس کے رہنما شامل ہوئے تھے۔
مزید پڑھیں: 'شاہین باغ صرف جگہ نہیں بلکہ فکر ہے '
کانگریس رہنماوں کے مطابق مسٹر گاندھی بے روزگاری، مہنگائی سمیت اہم مسائل پر مرکزی حکومت کی توجہ اپنی طرف متوجہ کرنے کے لئے ملک بھر میں ریلیاں کریں گے اور اسی سلسلے میں ان کی پہلی ریلی جے پور میں ہوگی۔
پولیس کے مطابق ریلی کے پیش نظر منگل کے روز اس دوران البرٹ ہال کی طرف آنے والے راستوں پر ٹریفک روٹ میں تبدیلی کی گئی ہے۔