سپریم کورٹ قانون کی طالبہ سے ریپ کے معاملے میں سابق مرکزی وزیر سوامی چنمیانند اترپردیش میں چلنے والے مقدمے کو دہلی منتقل کرنے کی عرضی پر پیر کے روز سماعت کرے گا۔
سینیئر وکیل کالِن گونجالوِس نے چیف جسٹس شرد اروند بوبڈے کی صدارت والی بینچ کے سامنے معاملے کا خصوصی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ بہت ہی سنگین ہے ملزم صاحبِ اثر ورسوخ ہے جس کی وجہ سے متاثرہ اور اس کے اہل خانہ سمیت اس کے والد کو خطرہ ہے۔
چیف جسٹس نے مقدمے کی سماعت کے لیے اتفاق ظاہر کرتے ہوئے دو مارچ کی تاریخ مقرر کی۔
متاثرہ اور اس کے والد نے سپریم کورٹ میں عرضی دائر کی ہے اور سپریم کورٹ سے جان کی سلامتی کا مطالبہ کیا ہے۔ جسٹس بوبڈے نے مسٹر گونجالوِس سے کہا کہ وہ پولیس سکیورٹی کےلیے سب سے پہلے ریاستی حکومت کے سامنے درخواست کریں۔
سوامی چنمیانند کو گذشتہ 20 ستمبر کو گرفتار کیا گیا تھا۔ اس کا ٹرسٹ شاہجہاں پور لاء کالج چلاتا ہے۔ اسی کالج میں متاثرہ پڑھتی تھی۔ سوامی چنمیانند نے مبینہ طور پر اس کا ریپ کیا تھا۔ لاء کی 23 برس کی طالبہ نے جنسی استحصال کا الزام عائد کرتے ہوئے ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر پوسٹ بھی کی تھی۔
بعدازاں گذشتہ سال اگست میں کچھ دن تک اس کا کوئی سراغ نہیں لگا تھا جس کے بعد سپریم کورٹ نے اس معاملے میں دخل دیا تھا۔
سپریم کورٹ کی ہدایات پر تشکیل اترپردیش پولیس کا خصوصی تفتیشی دستہ (ایس آئی ٹی) نے سوامی چنمیانند کو گرفتار کیا تھا۔ الہ آباد ہائی کورٹ نے تین فروری کو اسے ضمانت دے دی تھی۔