وزیراعظم نریندر مودی نے سری لنکا میں ہوئے وحشیانہ اور انسانیت سوز حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت بحران کے اس وقت میں سری لنکا کے ساتھ ہے اور اسے ہر ممکن مدد فراہم کرانے کیلئے تیار ہے۔
مودی نے سری لنکا کے صدر میتری پالا شری سینا اور وزیراعظم رانل وکرم سنگھے سے فون پر بات چیت میں ملک کی طرف سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے سری لنکا میں دھماکوں کے واقعات کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے علاقہ میں اس طرح کے وحشیانہ واقعات کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔
کانگریس پارٹی کے قومی صدر صدر راہل گاندھی نے سر ی لنکا میں آج ایسٹر کے تہوار کے موقع پر چرچ اور ہوٹلوں میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کی اور متاثرین کے تئيں اپنی گہری تعزیت ظاہر کی۔
پارٹی نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ "سری لنکا میں آج ایسٹر تہوار کے دن متعدد چرچ اور ہوٹلوں پر ہونے والے وحشیانہ حملے کی خبر سے ہم انتہائی رنجیدہ ہيں ۔ ہم متاثرین کی اس مصیبت کی گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے ہيں اور ان کی صحتیابی کی دعا کرتے ہيں"۔
وہیں دوسری جانب وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ "سری لنکا کے مختلف مقامات پر آج ہونے والے سلسلہ وار بم دھماکوں کی ہم سخت مذمت کرتے ہيں ۔ ہم دہشت گردی کی تمام شکلوں کے خلاف ہیں اور اسے مسترد کرتے ہيں"۔
بھارت نے اس موقع پر سرلنکا کی حکومت ، عوام اور متاثر ہ خاندانوں کے لئے اپنی گہری تعزیتیں پیش کیں اور حملے میں زخمیوں کے لئے جلد صحتیاب ہونے کی امید ظاہر کی۔