ای ٹی وی بھارت کے نمائندوں کے مطابق پلوامہ ضلع میں یہ تلاشی کارروائی لاسی پورہ سے متصل پنجرن گاؤں میں شروع ہوئی۔ ابتدا میں گولیاں چلنے کی آواز سنی گئی لیکن بعد میں پورے علاقے میں سکوت چھاگیا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق محاصرے کا دائرہ نزدیکی اچھن گاؤں تک بڑھادیا گیا ہے اور سکیورٹی فورسز کی اضافی کمک طلب کی گئی ہے۔اسی دوران پلوامہ کے لاسی پورہ میں ایک عسکریت پسند ہلاک ہوا ہے۔
کولگام ضلع کے شوز بٹہ پورہ گاؤں میں بھی سکیورٹی فورسز نے محاصرہ کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز کو اطلاع ملی ہے کہ علاقے میں کئی عسکریت پسند چھپے ہوئے ہیں۔ سارے علاقے کو محاصرے میں لیا جاچکا ہے اور خار دار تاروں سے عبور و مرور کے تمام راستے بند کردیے گیے ہیں۔ مقامی لوگوں کے مطابق حصار ڈالنے کے عمل کے دوران عسکریت پسندوں نے سکیورٹی فورسز پر گولیاں چلائیں تاہم حکام نے اس خبر کی تصدیق نہیں کی۔
ای ٹی وی نمائندے نے محاصرے کی عکس بندی کرنے کی کوشش کی تاہم پولیس اہکاروں نے اس کی اجازت نہیں دی۔ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق عسکریت پسند محاصرہ توڑ کر فرار ہوگئے ہیں۔
حکام نے دونوں اضلاع میں انٹرنیٹ خدمات معطل کی ہیں۔
یہ محاصرے ایک ایسے وقت میں کیے گیے ہیں جب کشمیر میں عام لوگ عید الفطر کی تقریبات منانے میں مصروف ہیں۔