ڈپٹی کمشنر آف پولیس ( شمال مشرقی دہلی) سنجے کمار سین نے یواین آئی کو بتایا کہ یہ واقعہ بدھ کی رات دیر گئے کھجوری خاص علاقے کی شری رام کالونی میں پیش آیا۔
واقعہ میں جوابی کارروائی کے دوران ایک گھر میں چھپے ہوئے عامر خان اور راجمان گولی لگنے سے ہلاک ہو گئے ۔
جبکہ کانسٹیبل سچن کھوکر اور کالک تومر زخمی ہوگئے۔
شرپسندوں کے ہاتھوں زخمی ہونے والے دونوں پولیس اہلکار یہاں کے ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران شرپسندوں کے ٹھکانے سے دو خودکار پستول ، چار میگزین ، بڑی تعداد میں کارتوس اور تقریبا ایک لاکھ روپے نقد برآمد ہوئے۔
سنجے کمار سین نے بتایا کہ بیگم پور کے ایس ایچ او کو اطلاع ملی تھی کہ کچھ شرپسند شری رام کالونی میں ایک مکان کی دوسری منزل پر رہ رہے ہیں اور ان کے پاس بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود ہے۔
اس بنیاد پر بیگم پور اور کھجوری خاص تھانے کی مشترکہ ٹیم نے آدھی رات کو گھر پر چھاپہ مارا۔
پولیس نے شرپسندوں کو ہتھیار ڈالنے کو کہا لیکن انہوں نے پولیس پارٹی پر یہ اعلان کرتے ہوئے فائرنگ کرنے کی دھمکی دی کہ ان کے پاس بھاری مقدار میں اسلحہ ہے۔
شرپسندوں نے خود کو گولی مار کر خودکشی کرنے اور آس پاس کے لوگوں کو قتل کرنے کی دھمکی بھی دی۔
دیر تک دروازہ نہ کھولنے کے بعد پولیس کی جانب سے ہوائی فائرنگ کی گئی۔
اس کے بعد شرپسندوں نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس کی جوابی کارروائی میں بدمعاش شدید زخمی ہو گئے۔
عامر خان اور راجمان کواسپتال لایا گیا۔
انکاؤنٹر میں دو پولیس اہلکار سچن کھوکر اور کالک تومر زخمی ہوئے جن کا علاج کیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں:ملک میں کورونا کے نئے معاملات 41 ہزار سے زائد
عامر اترپردیش کے لونی علاقے کے غازی آباد کا رہائشی ہے جبکہ راجمان دہلی کے وزیر پور صنعتی علاقے کا رہائشی ہے۔
دونوں شرپسندوں کے خلاف مختلف تھانوں میں کئی مجرمانہ مقدمات درج ہیں۔
یواین آئی۔