ہری دوار میں منعقدہ مہا کمبھ 2021 میں کووڈ ٹیسٹ میں دھوکہ دہی اور کروڑوں کے گھوٹالہ کے معاملے میں ایک بڑی کارروائی کی گئی ہے۔
ہری دوار پولیس نے اس معاملے میں فرار چل رہے میکس کارپوریٹ سروسز لمیٹڈ کے مالک اور ان کی بیوی کو اتر پردیش کے نوئیڈا سیکٹر 48 میں واقع ان کے گھر سے گرفتار کیا ہے۔
ان پر ایک لاکھ سے زیادہ فرضی کووڈ 19 ٹیسٹ کرانے کا الزام ہے۔ اتراکھنڈ کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم (SIT) اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ بھی معاملے کی جانچ کررہے ہیں۔
دونوں میاں بیوی نوئیڈا میں رہتے تھے۔
اتر پردیش کی نوئیڈا پولیس کے میڈیا انچارج پنکج کمار کے مطابق اترا کھنڈ کی ہری دوار پولیس ٹیم نے نوئیڈا کے سیکٹر 48 میں رہنے والے میکس کارپوریٹ سروسز لمیٹڈ کے ڈائریکٹرشرد پنت (45 سال) اور ان کی اہلیہ ملیکا پنت (43) کو گرفتار کیا۔ ان کے خلاف ہری دوار ضلع میں دفعہ 269، 270، 420، 467، 468، 471، 120-B، ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ اور تین وبائی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ہریدوار پولیس پوچھ گچھ کرے گی۔
ان پر الزام ہے کہ ان لوگوں نے ایک لاکھ سے زیادہ فرضی RT-PCR ٹیسٹ کرائے اور اتراکھنڈ حکومت کو کروڑوں روپے کا دھوکہ دیا۔ اتراکھنڈ پولیس دونوں ملزمان کو گرفتار کرنے کے بعد ہری دوار کے لیے روانہ ہوگئی ہے۔ ہری دوار جا کر ان سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔ جس کے بعد مزید اہم معلومات مل سکتی ہیں۔
مہا کمبھ 2021 کے دوران ان لوگوں نے ایک لاکھ سے زیادہ جعلی آر ٹی- پی سی آر کی جانچ کی اور اتراکھنڈ میں حکومت کو کروڑوں روپے کا چونا لگایا۔