دراوڑ منیترا کژگم کی امیدوار ایم کے کانی موجھی نے منگل کو اپنے گھر اور دفتر میں ہونے والے انکم ٹیکس اور انتخابی کمیشن کی مشترکہ کارروائی کو سیاسی سازش قرار دیا۔
کانی موجھی نے منگل کی رات انکم ٹیکس کے چھاپے کے بعد نامہ نگاروں سے کہا: 'یہ کارروائی اس لیے کی گئی ہے، کیونکہ میں اپوزیشن میں ہوں۔ محکمہ انکم ٹیکس کے افسران ہمارے گھر آئے اور تلاشی کی اجازت مانگی۔ میں نے جب ان سے پوچھا کہ کس سے پوچھ گچھ کرنا چاہتے ہیں تو انہوں نے جواب دیا کہ امیدوار سے۔ مزید میں نے پوچھا کہ کیا تلاشی کے لیے ضروری کاغذات آپ کے پاس ہے تو انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔ میری سمجھ میں یہ غیرقانونی ہے'۔
انہوں نے کہا: 'اس کے باوجود میں نے انکم ٹیکس افسران کے ساتھ پورا تعاون کیا۔ مجھے رات ساڑھے نو بجے سمن جاری کرکے بیان دینے کے لئے کہا گیاتھا۔ دو گھنٹے کی تلاشی کے دوران انکم ٹیکس افسران نے تسلیم کیا کہ میرے گھر میں کچھ بھی نہیں ملا۔ انکم ٹیکس کی ٹیم خالی ہاتھ لوٹ گئی'۔