قومی دارالحکومت دہلی میں نئے ڈرائیور لیس میٹرو ٹرین 'میجنٹا لائن' جنکپوری ویسٹ سے بوٹینیکل گارڈن کا افتتاح نریندر مودی نے ہری جھنڈی دکھا کر کیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اب تک پوری دنیا کے صرف ساتھ ملکوں میں ہی ڈرائیور لیس میٹرو ٹرین چل رہی تھی اب بھارت ان سات ملکوں کی فہرست میں شامل ہوکر آٹھویں نمبر پر ایک نئی تکنیک کو استعمال کرنے والا ملک بن چکا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کی پہلی ڈرائیور لیس میٹرو ٹرین کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا، ساتھ ہی مسافروں نے ملک کی پہلی ڈرائیور لیس میٹرو ٹرین میں سفر کا لطف لیا۔
آپ کو بتادیں کہ 37 کلو میٹر لمبی' میجنٹا لائن' سے شروع ہونے والی یہ سہولیات رفتہ رفتہ اب سبھی لائنوں پر شروع کی جائے گی۔ اب اس ڈرائیور لیس میٹرو ٹرین کو میجنٹا کے بعد 57 کلو میٹر لمبی ' پنک لائن' پر بھی شروع کیا جائے گا۔ ڈرائیور لیس میٹرو ٹرین کے افتتاح کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ' تین برس قبل ' میجنٹا لائن' کا افتتاح میں نے ہی کیا تھا، اب اس پر ڈرائیور لیس میٹرو ٹرین کی شروعات ہوئی جو بے حد خوشی کی بات ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ' ان ترقیاتی کاموں کو دیکھ کر یہ کہا جا سکتا ہے کہ بھارت بھی اب ترقی کی دوڑ میں پیچھے نہیں، ان کاموں کو دیکھ کر بخوبی یہ اندازہ لگا یا جاسکتا ہے کہ بھارت اب تکنیکی میدان میں تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ جو بھارتی عوام کے لیے قابل فخر ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ' جب ان کی حکومت آئی تھی اس وقت ملک کے صرف 4 شہروں میں میٹرو کی سہولیات دستیاب تھی اب وہ 18 شہروں تک جا پہنچی ہے، سنہ 2014 میں میٹرو 248 کلو میٹر پر محیط تھا اب 700 کلو میٹر تک اس کا دائرہ وسیع ہو گیا ہے۔
مزید پڑھیں: دہلی: امت شاہ نے ارون جیٹیلی کے مجسمے کی نقاب کشائی کی
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ' مختلف شہروں میں کی عوام کا خیال رکھتے ہوئے میٹرو کی شروعات کی جارہی ہے۔ جو کم بھیڑ بھاڑ والے علاقے ہیں وہاں عام میٹرو سے 40 فیصد کم خرچے پر میٹرو لائن کی تعمیر کی جارہی ہیں۔ اس سے کم بھیڑ والے علاقے میں میٹرو پل کا تعمیر کیا جا رہا ہے جو عام میٹرو کے بنسبت 25 فیصد کم خرچے سے تیار ہوگا۔