ریلی میں شامل لوگ جماعت اسلامی کے خلاف کی گئی کاروائیوں کے خلاف نارےبازی کے علاوہ جماعت اسلامی کے کارکنوں کو رہا کرنے کی مانگ کر رہے تھے۔
واضح رہے کہ یہ ریلی ضلع پلوامہ میں پی ڈی پی کی جانب سے پہلی احتجاجی ریلی تھی۔
پی ڈی پی کے کارکن ڈاکٹر سمیع اللہ نے اس ریلی کی صدارت کرتے ہوے کہا جماعت اسلامی جموں و کشمیر ایک مذہبی تنظیم ہونے کے ساتھ ساتھ عوام کی فلاح و بہبودی کے لئے کام کرنے والی تنظیموں میں شمار ہوتی ہے۔
اُن کے مطابق جماعت اسلامی جموں و کشمیر نے تعلیم کے شعبے میں نمایاں کارکردگی انجام دی ہے۔ جماعت نے اب تک 400 سے زائد اسکولز کھولے ہیں جبکہ حکومت اتنے اسکول قائم کرنے میں ناکام رہی ہے ۔
واضح رہے کہ مرکزی حکومت نے جمعرات کو غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے نام پر اور کئی طرح کے سنگین الزامات کے تحت جماعت اسلامی جموں و کشمیر پر پانچ سال کی پابندی لگائی تھی۔