اننت ناگ: ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں میونسپل کمیٹی کوکرناگ نے سوچھتا لیگ (آئی ایس ایل) ریلی کا انعقاد عمل میں لایا۔ ریلی کا افتتاح ایم کوکرناگ کے چیئرمین پرنس شیخ نے کیا۔ ان کے ہمراہ تحصیلدار کوکرناگ محمد عنصر، چیف میڈیکل افسر، اننت ناگ ایم وائی زاگو، ٹورزم ڈیپارٹمنٹ کے عہدیداران کے علاوہ اسکولی بچوں نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ ریلی میں ایم سی کوکرناگ کے کئی کونسلر بھی موجود تھے۔
ریلی میں شامل افراد نے لوگوں کو ماحول صاف ستھرا رکھنے کی اہمیت و افادیت کے ساتھ ساتھ صفائی ستھرائی سے حاصل ہونے والے فوائد سے بھی آگاہ کیا۔ مہم کے دوران کوکرناگ بازار کے علاوہ آبی ذخائر اور گلی کوچوں کی صفائی عمل میں لائی گئی۔ جبکہ علاقے کی ڈرینوں کی بھی صفائی کی گئی اور لوگوں کو قصبے کی عظمت رفتہ بحال کرنے کے حوالے سے جانکاری فراہم کی گئی۔
میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایم سی کوکرناگ کے صدر پرنس احمد شیخ نے بتایا کہ انڈین سوچھتا لیگ (آئی ایس ایل) وادی کشمیر کی سبھی اربن لوکل باڑیز میں منایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام گاندھی جینتی یعنی 2 اکتوبر تک مسلسل جاری رہے گا۔ پرنس شیخ نے مزید کہا کہ ’’پروگرام کا اصل مقصد یہی ہے کہ ہم اپنے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں تاکہ ہم بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔ اس کے علاوہ لوگوں کو بھی گھروں اور دفاتر کے ساتھ ساتھ آس پڑوس کے ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کی تلقین کریں۔‘‘
مزید پڑھیں: wular lake cleanliness drive: وُلر جھیل کی صفائی کے لیے خصوصی مہم کا آغاز
انہوں نے مزید کہا کہ ’’ہم نے لوگوں کو بھی اس حوالے سے جانکاری فراہم کی ہے کہ ماحول کو صاف رکھنے سے کیا فائدے ہیں۔‘‘ ریلی میں شامل تمام لوگوں نے عہد کیا کہ ہم کوکرناگ اور اس کے مضافاتی علاقوں کو صاف رکھنے میں اپنا کلیدی رول نبھائیں گے، پرنس نے کوکرناگ کی عوام سے اپیل کی کہ وہ اس مہم میں ان کا ساتھ دیں اور اپنے آس پاس کے علاقوں میں گندگی ڈالنے سے پرہیز کریں تاکہ ایک اچھے اور صاف ستھرت ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔‘‘