شوپیان: مرکز کے زیر انتظام یوٹی جموں و کشمیر میں لوک سبھا انتخابات 2024 کے مدنظر سیاسی گہماگہمی زوروں پر ہے۔ الیکشن کمیشن بھی یوٹی جموں و کشمیرمیں پر امن طریقے سے انتخابات کرانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔
لوک سبھا انتخابات 2024 میں پہلی مرتبہ بزرگ اور معذور ووٹرز کو گھر بیٹھے حق رائے دہی کے استعمال کا موقع فراہم کیا۔ 85 سال سے زیادہ عمر کے رائے دہندگان اور 40 فیصد بینچ مارک معذوری والے مخصوص افراد (پی ڈبلیو ڈی) گھر سے ووٹ ڈالنے کی اختیاری سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
اس زمرے کے رائے دہندگان نے پہلے ہی مرحلے I اور II کے لیے ووٹ ڈالنا شروع کر دیا ہے۔ یہ اقدام انتخابی عمل کی شمولیت و رسائی کو یقینی بنانے اور جمہوری شراکت داری کو تقویت دینے کی سمت میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ ملک بھر میں 81 لاکھ 85 سے زیادہ کے عمر رسیدہ رائے دہندگان اور 90 لاکھ سے زیادہ معذور رائے دہندگان رجسٹرڈ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سویپ پروگرام کے تحت ٹانگہ ریلی کا اہتمام
ادھر سرینگر پارلیمانی پارلیمانی حلقے کے شوپیان ضلع میں بھی آج سے بزرگ اور معذور ووٹرز نے اپنے ووٹ ڈالنا شروع کر دیا ہے۔ شوپیان میں پولنگ عملہ نے گھر گھر جاکر بزرگ اور معذور ووٹرز کے ووٹ لیے۔ پولنگ کا سلسلہ آج صبح 9 بجے شروع ہوا جو شام کے پانچ بجے تک جاری رہا۔