بارہمولہ: شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے نوجوان کھلاڑی مشرف قیوم نے جارجیا میں منعقدہ یوریشین پروفیشنل سانڈا لیگ میں گولڈ میڈل جیت کر پورے خطے بالخصوص اولڈ ٹاؤن بارہمولہ کا نام روشن کر دیا۔ اس اہم کامیابی کے بعد جموں و کشمیر واپس لوٹنے پر مشرف نے یوٹی کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی۔
اسی دوران ایل جی منوج سنہا نے مشرف کے کامیابی پر بے حد فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشرف کا شاندار سفر ہماری کمیونٹی سے ابھرنی والی ناقابل یقین صلاحیتوں کی روشن مثال ہے۔ ان کی جیت نہ صرف بارہمولہ کے لیے باعث فخر ہے بلکہ ہمارے نوجوانوں کے لیے اپنے خوابوں کا تعاقب کرنے اور نئی بلندیوں تک پہنچنے کے لیے ایک تحریک کا کام بھی کرتی ہے۔
بارہمولہ کی ممتاز سیاسی شخصیت توصیف رینا نے مشرف کی کامیابی پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے اسے "اولڈ ٹاؤن اور پورے بارہمولہ کے لیے اعزاز کا لمحہ" قرار دیا۔
جموں و کشمیر اسپورٹس کونسل کے سکریٹری، نزہت گل نے بھی مشرف کی تعریف کی۔ انہوں نے اس نوجوان کے عزم کو یونین ٹیریٹری اور ملک دونوں کے لیے قابل فخر قرار دیا۔ وہیں ووشو لیجنڈ اور ڈروناچاریہ ایوارڈ یافتہ کلدیپ ہنڈو نے بھی مبارکباد اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشرف کا سفر کشمیر سے ابھرنے والے عزم اور ہنر کی نمائندگی کرتا ہے۔
اس دوران دوست اور ارکان خاندان بھی آگے آئے ہیں اور مشرف کو ان کی یادگار کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی۔
20 سالہ نوجوان نے یوریشین پروفیشنل سانڈا لیگ کا ٹائٹل جیتنے کے لیے تین راؤنڈ کے فائنل میں سابق آرمینیائی چیمپئن کو شکست دی۔ مشرف کی کامیابی کا یہ سفر 17 سے 23 اکتوبر تک ہونے والی باتومی انٹرنیشنل ووشو چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کے ساتھ شروع ہوا۔ اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت انہوں نے نہ صرف گولڈ میڈل بلکہ 40,000 روپے کا نقد انعام بھی حاصل کیا۔ اس کامیابی نے باوقار یوریشین سانڈا لیگ میں ان کے داخلے کی راہ ہموار کی، جہاں انہوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جیت حاصل کی۔ ٹائٹل جیتنے پر مشرف قیوم کو چیمپئن شپ بیلٹ اور 50,000 روپے کے انعام سے نوازا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیری طالبہ نے ووشو چمپئن شپ ماسکو میں طلائی تمغہ حاصل کیا
ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے مشرف نے کہا کہ وہ حال ہی میں سینئر ڈویژن میں چلے گئے ہیں۔ ان کی یہ جیت برسوں کی لگن سے تعمیر کیے گئے کریئر میں ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جونیئر نیشنل چیمپئن شپ میں پہلے ہی انہوں نے اچھی کامیابیاں حاصل کی تھیں، لیکن تازہ ترین جیت ان کے کریئر کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔ اس سے خطے کے لاتعداد نوجوان کھلاڑیوں کو ترغیب ملے گی۔
مشرف نے اگلے ہدف پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اب ان کی نظر ستمبر 2025 میں برازیل میں ہونے والی ورلڈ ووشو چیمپئن شپ پر ہے، جہاں وہ ایک اور عالمی مقابلے میں ہندوستان کی نمائندگی کریں گے۔
مزید پڑھیں: چشتی بہنوں کی نگاہیں ایشین گیمز 2026 میں طلائی تمغہ پر مرکوز