اللہ کرے فیصلہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے حق میں ہو: سجاد غنی لون
Published : Dec 9, 2023, 11:03 PM IST
پیپلز کانفرنس کے صدر سجاد غنی لون نے آرٹیکل 370 کیس کے فیصلے کے حوالے سے بتایا کہ اللہ کرے کہ کورٹ کا جو فیصلہ ہو وہ جموں و کشمیر کے حق میں ہو۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی شاید پہلی سیاسی پارٹی تھی، جنہوں نے دفعہ 370 کی منسوخی کے خلاف عدالت عظمی کا رخ کیا۔ سجاد غنی لون نے کہا کہ جمہوریت میں کورٹ کی حیثیت سیاست سے بالاتر ہوتی ہے اور کورٹ فیصلہ اکثریت کی رائے یا اقلیتی رائے سے نہیں دیتی بلکہ قانون کے لحاظ سے فیصلہ سناتی ہے۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ دفعہ 370سے متعلق پیر کو اپنا فیصلہ سنائے گا۔ دفعہ 370کی منسوخی سے متعلق دائر کی گئی سبھی عرضیوں کی اگست ماہ میں سپریم کورٹ میں قریب 16دن تک یومیہ سماعت ہوئی۔ عرضی گزاروں اور دفاعی وکلاء کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے5 ستمبر کو فیصلہ محفوظ رکھا تھا۔ تاہم اب 90دنوں سے زائد وقفہ کے بعد پیر کو سپریم کورٹ اپنا فیصلہ سنائے گا۔