حیدرآباد: ورلڈ ڈاؤن سنڈروم ڈے ہر سال 21 مارچ کو پوری دنیا میں منایا جاتا ہے جس کا مقصد عالمی سطح پر ڈاؤن سنڈروم میں مبتلا افراد کی بہتری کے لیے کوششیں کرنا اور عام لوگوں میں اس بیماری کے حوالے سے آگاہی پھیلانا ہے۔
ورلڈ ڈاؤن سنڈروم ڈے 2023 کو 'with us not for us' کے تھیم پر منایا جارہا ہے۔
ڈاؤن سنڈروم کو ایک جینیاتی بیماری سمجھا جاتا ہے، اس بیماری میں مبتلا لوگوں کو معذور کے کیٹیگری میں رکھا جاتا ہے۔ لوگوں میں ایک عام خیال ہے کہ اس بیماری میں مبتلا افراد نارمل زندگی نہیں گزار سکتے۔ تاہم اس بیماری میں مبتلا افراد کی بروقت طبی اور عملی مدد کی جائے اور انہیں ضروری ایکسرسائز کرائی جائے تو بعض صورتوں میں وہ خود کفیل بھی ہوسکتے ہیں اور کافی حد تک نارمل زندگی گزار سکتے ہیں۔ ورلڈ ڈاؤن سنڈروم ڈے ہر سال 21 مارچ کو منایا جاتا ہے جس کا مقصد دنیا بھر میں ڈاؤن سنڈروم کے بارے میں لوگوں کو بیدار کرنا ہے۔
تھیم اور اہمیت
اس سال یہ دن #with us not for us کے تھیم پر منایا جا رہا ہے۔ درحقیقت ڈاؤن سنڈروم میں مبتلا افراد کو معذوری کے زمرے میں رکھا جاتا ہے، اس لیے ان کے ساتھ بعض لوگوں کا رویہ مختلف ہوتا ہے۔ عام طور پر لوگوں کا یہ ماننا ہے کہ ڈاؤن سنڈروم میں مبتلا افراد اپنی پوری زندگی دوسرے پر منحصر رہتے ہیں۔ نہ صرف مالی اعتبار سے بلکہ اپنے معمولات زندگی گزارنے کے لیے بھی۔ لیکن اگر شروع ہی سے اس بیماری میں مبتلا افراد کو ضروری طبی امداد فراہم کی جائے اور ایکسرسائز کے ذریعے انہیں خود انحصار بنانے کی کوشش کی جائے تو ان کا دوسروں پر انحصار ہونا کافی حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔
اس پیغام کو عوام تک پہنچانے کے لیے اس بار ایک ایونٹ کے لیے تھیم #with us not for us کا انتخاب کیا گیا ہے۔ تاکہ لوگوں کو اس بیماری میں مبتلا لوگوں سے دور رہنے کے بجائے ساتھ لے کر چلنے کی ترغیب دی جا سکے۔
ورلڈ ڈاؤن سنڈروم ڈے کا مقصد عالمی سطح پر لوگوں میں اس بیماری کے حوالے سے بیداری پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ ڈاؤن سنڈروم میں مبتلا لوگوں کی ترقی کے لیے ہر ممکن کوشش کرنا ہے۔ اس موقع پر آگاہی پھیلانے کے لیے کئی طرح کے پروگرام منعقد کئے جاتے ہیں، جس میں ریلیاں، ریس، سیمینار، کانفرنسز اور دیگر کئی طرح کے پروگرام شامل ہیں۔