لکھنؤ: اتر پردیش میں جلد ہی ایک آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف آیوروید (AIIA) قائم ہوگا، جو صحت کی دیکھ بھال کے لیے ایک بہترین مرکز ہوگا اور تعلیم، تحقیق اور مریضوں کی دیکھ بھال کو فروغ دے گا۔ آیوروید کے ڈائریکٹر ڈاکٹر پی سی سکسینہ نے کہا کہ اے آئی آئی اے کے لیے ایک تجویز ریاستی حکومت کو بھیجی گئی ہے۔ جس کی منظوری ملنے کے بعد، اے آئی آئی اے کے قیام کے لیے کارروائی شروع کی جائے گی۔ یہ اتر پردیش کا پہلا AIIA ہوگا۔
اے آئی آئی اے، ایمس یا آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے جیسا ہی ہوگا، آپ کو بتادیں کہ اے آئی آئی اے آیوروید نظام طب کے تحت پوسٹ گریجویٹ/ڈاکٹرل اور پوسٹ ڈاکٹورل کی تعلیم، تحقیقی سہولیات اور مریضوں کی معیاری دیکھ بھال فراہم کرتا ہے۔
ڈاکٹر سکسینہ نے کہا، ہمیں AIIA قائم کرنے کے لیے تقریباً 15 ایکڑ زمین کی ضرورت ہے۔ ایک بار جب ریاستی حکومت کی جانب سے اس پروجیکٹ کو منظوری مل جائے گی اور زمین کی نشاندہی ہوجائے گی، اس کے فورا بعد بنیادی ڈھانچے اور سہولیات کی منصوبہ بندی کا عمل شروع ہو جائے گا۔ یہ پروجیکٹ مشرقی اتر پردیش میں شروع ہونے کا امکان ہے اور وارانسی ایک ممکنہ ضلع ہے۔ حتمی فیصلہ ریاستی حکومت کرے گی۔