رانچی: جھارکھنڈ حکومت نے سرکاری اسپتالوں میں کام کرنے والے ڈاکٹروں کی پرائیویٹ پریکٹس کے لیے ایک انوکھا فارمولا متعارف کرایا ہے۔ حکومت نے اپنے جاری احکامات میں کہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں ڈیوٹی کے دوران ڈاکٹرز جتنے مریضوں کا علاج کریں گے۔ پرائیویٹ ہسپتالوں میں بھی اتنے ہی مریضوں کا علاج کریں گے۔ پرائیویٹ پریکٹس کرنے والے ڈاکٹروں کو ہر ماہ حکومت کو پرائیویٹ ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کی تفصیلات پیش کرنی ہوں گی۔ Unique formula for doctors in Jharkhand
اس سلسلے میں ریاست کے محکمہ صحت کے ایڈیشنل چیف سکریٹری ارون کمار سنگھ کی جانب سے جاری حکم نامہ میں پرائیویٹ پریکٹس کے لیے کئی شرائط عائد کی گئی ہیں۔ جس میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی ڈاکٹر اپنی پوسٹنگ والے ضلع میں زیادہ سے زیادہ چار نجی ہسپتالوں میں مریضوں کا علاج کر سکتا ہے۔ ڈاکٹروں کو حکومت کو ان چار ہسپتالوں کی فہرست دینی ہوگی جہاں وہ پرائیویٹ پریکٹس کرتے ہیں۔ تین ماہ سے کم عرصے میں وہ ان ہسپتالوں کے علاوہ پرائیویٹ پریکٹس کے لیے کسی دوسرے ہسپتال کا انتخاب نہیں کرسکتے ہیں۔ حالانکہ یہ ابھی واضح نہیں ہے کہ جو ڈاکٹر پرائیویٹ ہسپتالوں کے علاوہ اپنے نجی کلینک میں مریضوں کو دیکھتے ہیں ان کی نگرانی کیسے کی جائے گی۔