حیدرآباد: مصروف ترین زندگی اور ملٹی ٹاسکنگ نے ہماری یادداشت کو سب سے زیادہ متاثر کیا ہے۔ جس کی وجہ سے ہم اپنے کئی اہم کام کرنا بھول جاتے ہیں، ضروریات کی چیزوں کو یاد نہیں رکھ پاتے ہیں، یہاں تک کہ پڑھا ہوا بھی بھول جاتے ہیں۔ ویسے تو یادداشت پر اثر عمر کے لحاظ سے ہوتا ہے، ایک عام زندگی گزارنے والا شخص جب 50 کے عمر کو پار کرتا ہے تو یاداشت کمزور ہونے لگتی ہے۔ بعض لوگوں میں بڑھاپے کے ساتھ ساتھ ڈیمینشیا جیسی کئی بیماریاں ہونے لگتی ہیں۔ جن سے یادداشت پر برا اثر پڑتا ہے۔ لیکن آج کل لوگوں کی یادداشت کم عمری میں ہی کمزور ہوتی جارہی ہے۔ ہم کسی سے ملتے ہیں، اس سے خوب گپ شپ کرتے ہیں لیکن اس کا نام تک بھول جاتے ہیں۔ اگر یادداشت کمزور ہو گئی ہے تو ذہنی تناؤ کا شکار نہ ہوں، ہم آپ کو چند ایسے آسان طریقے بتا رہے ہیں۔ جن کے ذریعے آپ اپنی یادداشت کو بڑھا سکتے ہیں۔ تو آئیے ان طریقوں کے بارے میں جانتے ہیں۔
اپنی خوراک میں مختلف غذاؤں کو شامل کرکے اپنے دماغ کو بہتر بناسکتے ہیں۔
ایسی بہت سی غذائیں ہیں جو آپ کی یادداشت کو بہتر بنا سکتی ہیں کیونکہ وہ بعض اینٹی آکسیڈنٹس اور وٹامنز سے بھرپور ہوتے ہیں۔ جو دماغ کو مضبوط کرتے ہیں، اس میں گرین ٹی، بلو بیریز، بند گوبھی، بروکولی، پھول گوبھی، ڈارک چاکلیٹ اور ہلدی کو زیادہ سے زیادہ اپنے خوراک میں شامل کریں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ریڈ وائن کا ایک گلاس بھی آپ کی یادداشت کو بڑھا سکتا ہے۔
کام کرنے کے بعد زیادہ نیند لیں
دماغ کو تیز کرنے کے لیے اسے آرام بھی دینا پڑتا ہے۔ اگر آپ کو بہتر نیند نہیں لے پارہے ہیں جس کی وجہ سے آپ کی یادداشت جارہی ہے اور بھولنے کی بیماری میں اضافہ ہورہا ہے، تو نیند کے اوقات میں اضافہ کریں اور بہتر نیند لینے کی کوشش کریں تاکہ آپ کا دماغ چوکنا رہ سکیں۔
دماغی ورزش کریں
دماغ کو چیلنج کرکے، آپ اپنے دماغ کو تیز کر سکتے ہیں۔ پیچیدہ تصورات کا مطالعہ دماغی طاقت کو بڑھا سکتا ہے۔ جتنا ہوسکے کتاب کا مطالعہ کریں۔ پڑھنا ایک بنیادی قسم کی ذہنی ورزش ہے۔ دماغ میں الفاظ کو اکٹھا کریں، ان تمام چیزوں پر عمل کرکے آپ اپنے یادداشت کو بڑھا سکتے ہیں۔