نوئیڈا: دہلی سے متصل علاقے میں سردی کا قہر جاری ہے۔ بچے، بوڑھے، جوان، سب کی صحت اس وقت خراب ہو رہی ہے۔ اس سردی میں ہونے والے نزلہ، زکام ٹھیک ہونے کا نام نہیں لے رہا۔ خواہ کتنی ہی دوائیاں کیوں نہ کرائی جائیں، اور سب سے بڑی بات یہ ہے کہ ڈاکٹر بھی اس سے حیران ہیں۔ بخار ہو یا زکام صرف 3 سے 5 دنوں میں ٹھیک ہو جاتا تھا۔ اب یہ طویل عرصے تک ٹھیک نہیں ہو پارہا ہے۔ بڑھتی ہوئی آلودگی کی وجہ سے لوگ بڑی تعداد میں بیمار ہو رہے ہیں۔ ہسپتال پہنچنے والوں کی تعداد میں بھی تقریباً 15 سے 20 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ آلودگی کی وجہ سے سانس لینے میں دشواری ہو رہی ہے اور لوگوں کو طرح طرح کی بیماریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
محکمہ صحت بھی اس معاملے کو لیکر چوکنا اور فکر مند ہے۔ محکمہ صحت اور ضلع گوتم بدھ نگر کے افسر ڈاکٹر چندن کے مطابق بڑھتی ہوئی آلودگی اور سردی 10 سال سے کم عمر کے بچوں اور 50 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کے لیے مہلک ثابت ہو رہی ہے۔ آئی اے این ایس سے خصوصی بات چیت میں انہوں نے کہا کہ آلودگی کی وجہ سے بڑی تعداد میں لوگ سانس کی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں اور علاج کے لیے پرائیویٹ اور سرکاری اسپتالوں کا چکر لگا رہے ہیں۔
انہوں نے واضح طور پر اس کی تین وجوہات بتائی ہیں، انہوں نے کہا کہ جو لوگ صبح و شام کام کے لیے گھروں سے نکل رہے ہیں۔ ان کے لیے بڑھتی ہوئی آلودگی اب سنگین ہوتی جا رہی ہے۔ اس کے ساتھ جن لوگوں کی قوت مدافعت بہت کمزور ہے، وہ بھی آلودگی کی وجہ سے کئی مسائل کے شکار ہورہے ہیں۔ اس کے ساتھ جو لوگ پہلے ہی کئی بیماریوں میں مبتلا ہیں وہ بھی کافی پریشان ہیں اور آلودگی ان کے مرض میں اضافے کی ایک بڑی وجہ بنتی جارہی ہے۔