حیدرآباد: موسم گرما میں سورج کی تپش اور بہت زیادہ پسینے کا آنا بعض اوقات میں جلد اور بالوں دونوں کے لیے پریشانی کا باعث بن جاتا ہے۔ ایسی صورتحال میں گرمی کے موسم میں بالوں اور جلد کی صفائی کا خاص خیال رکھنے کے ساتھ ساتھ کسی بھی قسم کی الرجی کی صورت میں محتاط رہیں اور ضرورت پڑنے پر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔
اگر آپ گرمیوں میں جلد اور بالوں کے مسائل سے بچنا چاہتے ہیں تو اپنا خاص خیال رکھیں
گرمی کے موسم میں جلد یا بالوں کی صفائی یا ان کی دیکھ بھال میں کوتاہی کئی مسائل کے باعث بن سکتے ہیں۔ درحقیقت اس موسم میں سورج کی روشنی، پسینے کا آنا، ہوا میں نمی کی کمی اور ماحول میں گردو غبار کی زیادتی جلد کے لیے کئی مسائل پیدا کرتے ہیں، جیسے جلد کی الرجی، سن الرجی، کھجلی، جلد کا خشک ہونا، بالوں میں خشکی اور سر پر دانے وغیرہ کا ہونا۔ گرمی کے موسم میں جلد اور بالوں سے متعلق ہونے والے مسائل سے خود کو محفوظ کیسے رکھا جائے اس کو لیکر ای ٹی وی بھارت کی سکھی بھوا ٹیم نے ڈاکٹرز سے بات کی۔
کون سے مسائل زیادہ پریشان کرتے ہیں
اتراکھنڈ سے تعلق رکھنے والی امراض جلد کی ماہر ڈاکٹر آشا سکلانی کا کہنا ہے کہ گرمی کے موسم میں جلد اور بالوں کا خاص خیال رکھنا ضروری ہوتا ہے، کیونکہ گرمیوں کے موسم میں سورج کی روشنی، پسینے کا آنا، ماحول میں نمی کی کمی اور گردو غبار کی زیادتی سمیت دیگر کئی عوامل کی وجہ سے بالوں اور جلد میں بہت سے مسائل پیدا ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔
جلد کے مسائل
وہ کہتی ہیں کہ اس موسم میں جلد سے متعلق کئی طرح کے مسائل آپ کو پریشان کر سکتے ہیں۔ ایسے لوگ جو اپنا زیادہ وقت گھر سے باہر گزارتے ہیں یا کھلے میں یا تیز دھوپ میں رہتے ہیں، ان میں جلد کے مسائل ہونے کا امکان زیادہ ہوتا ہے، اس کے ساتھ ساتھ اس موسم میں زیادہ پسینہ آنے کی وجہ سے جلد کے مسائل جیسے پھوڑے پھنسی، دانے اور داد کھجلی کے کیسز بڑھ جاتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی پسینے کی وجہ سے جلد پر خارش بھی ہوتی ہے۔ خارش سے متاثرہ جگہ (جلد) پر سرخ رنگ کے دھبے بھی بن جاتے ہیں، جلد کھردری اور خشک ہوجاتی ہے اور بعض اوقات اس جگہ پر چھوٹے چھوٹے دھبے بھی نمودار ہوتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی جلد میں جلن اور درد بھی محسوس کیا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب جسم میں ایسی بھی جگہیں ہیں جہاں نہ صرف پسینہ زیادہ آتا ہے بلکہ وہاں کا جلد جلدی خشک بھی نہیں ہوپاتا، جیسے رانوں کے درمیان، شرمگاہ کے ارد گرد، ان جگہوں پر گرمی کی وجہ سے کئی مسائل پیدا ہوجاتے ہیں۔ درحقیقت یہ جگہیں ہوا کے براہ راست رابطے میں نہیں آتیں اور ایسی حالت میں پسینہ آسانی سے خشک نہیں ہوپاتا۔ جس کی وجہ سے کئی بار ان جگہوں پر فنگل اور بیکٹیریل انفیکشن کا خطرہ مزید بڑھ جاتا ہے۔