حیدرآباد: دنیا بھر کے ڈاکٹروں کا ماننا ہے اور کئی تحقیقوں سے اس بات کی تصدیق بھی ہو چکی ہے کہ ناقص نیند جسم پر کئی طرح کے سنگین امراض اور جسمانی، ذہنی صحت سے متعلق مسائل پیدا کرتے ہیں۔ اچھی نیند نہ صرف ہماری صحت کو تندرست رکھنے میں مدد کرتی ہے، بلکہ یہ دماغ کو خوش اور پرسکون رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ لیکن اس وقت دیگر عوامل کی وجہ سے پوری دنیا کے لوگوں کی نیند متاثر ہو رہی ہے۔ اسی کے پیش نظر 17 مارچ کو دنیا بھر میں ’ورلڈ سلیپ ڈے‘ منایا جاتا ہے، اس دوران دیگر تنظیموں کی جانب سے کئی طرح کے تقریب کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے تاکہ لوگوں کو اچھی نیند کی ضرورت سے آگاہ کیا جاسکے۔ اچھی نیند جسم اور دماغ دونوں کو صحت مند رکھنے کے لیے بہت ضروری ہیں۔
نیند کا عالمی دن
اچھی نیند اچھی صحت کے لیے بہت ضروری ہے۔ لیکن زیادہ تر لوگ مختلف وجوہات کی وجہ سے اچھی نیند نہیں لے پاتے۔ خراب طرز زندگی کے ساتھ ساتھ ماہرین ناقص نیند کو بھی دنیا بھر میں بیماریوں اور مریضوں کی تعداد میں اضافے کی ایک بڑی وجہ قرار دیتے ہیں۔ نیند کا عالمی دن ہر سال مارچ کے مہینے میں منایا جاتا ہے، جس کا مقصد لوگوں کو اچھی نیند کی ضرورت سے آگاہ کرنا اور جسمانی، ذہنی صحت کے لیے اچھی نیند لینے کی ترغیب دینا ہے۔ اس سال یہ دن 17 مارچ کو منایا جا رہا ہے۔
عالمی یوم نیند کا موضوع اور اہمیت
ورلڈ سلیپ سوسائٹی کے زیر اہتمام یہ تقریب ہر سال ایک نئے تھیم کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ اس سال یہ تقریب ’’سلیپ از ایسینشیل فار ہیلتھ‘‘ کے تھیم پر منایا جارہا ہے۔ آپ کو بتادیں کہ نیند ہماری زندگی کا ایک اہم حصہ ہے جسے اکثر لوگ زیادہ سنجیدگی سے نہیں لیتے ہیں۔ لیکن کم نیند یا نیند کی کمی نہ صرف بہت سی جسمانی اور ذہنی بیماریوں کا سبب بنتی ہے، بلکہ ہماری معمولات زندگی کو بھی شدید متاثر کرتی ہے۔ ورلڈ سلیپ ڈے کے موقع پر نہ صرف ورلڈ سلیپ سوسائٹی کے اراکین بلکہ کمیونٹی ہیلتھ ایڈووکیٹ، نیند کے ماہرین اور 70 سے زائد ممالک میں بہت سی سرکاری اور غیر سرکاری تنظیمیں مقامی، علاقائی اور قومی سطح پر دیگر پروگرام منعقد کرتی ہیں جس کے ذریعے وہ لوگوں کو نیند کے حوالے سے بیدار کرتی ہیں۔