نئی دہلی: انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) نے کہا ہے کہ انفلوئنزا اے ذیلی قسم ایچ 3 این 2 ملک میں سانس میں لینے میں تکلیف کی موجودہ بیماری کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ آئی سی ایم آر نے کہا کہ انفلوئنزا A ذیلی قسم ایچ 3 این 2 سانس کی موجودہ بیماری کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ آئی سی ایم آر، ڈی ایچ آر (محکمہ صحت کی تحقیق) نے 30 وی آر ایل ڈی (وائرل ریسرچ اور تشخیصی لیبارٹریز) میں پین ریسپائریٹری وائرس سرویلنس سسٹم قائم کیا ہے۔
آئی سی ایم آر کے مطابق، شدید ایکیوٹ ریسپائریٹری انفیکشن (ایس اے آر آئی) کے لیے داخل کیے گئے مریضوں میں سے تقریباً نصف، اس کے ساتھ ہی انفلوئنزا جیسی بیماری کے لیے زیر علاج آؤٹ پیشنٹ انفلوئنزا اے وائرس ایچ 3 این 2 سے متاثر پائے گئے ہیں۔ آئی سی ایم آر نے کہا کہ یہ ذیلی قسم دیگر انفلوئنزا ذیلی قسموں کے مقابلے میں زیادہ ہسپتالوں میں داخل ہونے کا سبب بنتا ہے۔ انفلوئنزا اے ایچ 3 این 2 کے ساتھ ہسپتال میں داخل ہونے والے تقریباً 92 فیصد مریضوں کو بخار، 86 فیصد کو کھانسی، 27 فیصد کو سانس لینے میں تکلیف اور 16 فیصد کو گھرگھراہٹ کی شکایت تھی۔ اس کے علاوہ 16 فیصد میں نمونیا کی علامات پائی گئیں جب کہ 6 فیصد مریضوں کو دمہ کا دورہ پڑا۔
ایچ 3 این 2 کی علامات:تحقیقی ادارے نے یہ بھی کہا کہ ایچ 3 این 2 والے ایس اے آر آئی کے 10 فیصد مریضوں کو آکسیجن کی ضرورت ہوتی ہے، جبکہ 7 فیصد کو آئی سی یو میں داخل کرانے کی ضرورت ہوتی ہے۔ دریں اثنا، آئی سی ایم آر کے حالیہ اعداد و شمار سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ گزشتہ دو تین مہینوں سے ایچ 3 این 2 کی وبا بڑے پیمانے پر پھیل رہی ہے۔ انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن (آئی ایم اے) نے کہا کہ کچھ معاملات میں کھانسی، متلی، الٹی، گلے میں خراش، بخار، جسم میں درد کی علامات والے مریضوں کی تعداد میں اچانک اضافہ دیکھا گیا ہے۔ بخار تین دنوں میں چلا جاتا ہے جبکہ کھانسی تین ہفتوں تک رہ سکتی ہے۔