حیدرآباد: دودھ کو مکمل غذا کہا جاتا ہے اس لیے ماہرین صحت روزانہ ایک سے دو گلاس دودھ پینے کا مشورہ دیتے ہیں کیونکہ اس سپر فوڈ میں ہر قسم کے غذائی اجزاء پائے جاتے ہیں جو ہمارے جسم کے لیے فائدہ مند ہوتے ہیں۔ دودھ کے ذریعے ہمارے جسم کو کیلشیم، پروٹین، قدرتی چکنائی، کیلوریز، وٹامن ڈی، وٹامن بی ٹو اور پوٹیشیم کے علاوہ دیگر کئی غذائی اجزاء حاصل ہوتے ہیں۔ بعض ڈائیٹشین کے مطابق اگر دودھ کو ٹھنڈا پینے کے بجائے ابال کر پیا جائے تو اس کی غذائیت میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے۔
ابلا ہوا دودھ پینے کے فوائد
دودھ کو گرم کرنے کے بعد پینے کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ دودھ میں موجود نقصان دہ جراثیم ہلاک ہوجاتے ہیں، اس عمل کو پاسچرائزیشن کہتے ہیں۔ اس کے علاوہ گرم دودھ پینے سے جسم کو زیادہ توانائی ملتی ہے۔
دودھ وزن کم کرنے کے لیے مؤثر ہوتا ہے
ایک گلاس گرم دودھ پینے سے آپ کا معدہ کافی دیر تک بھرا ہوا محسوس ہوتا ہے جس کی وجہ سے آپ زیادہ کھانے سے گریز کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ کم خوراک لینے سے آپ کا وزن بتدریج کم ہونے لگتا ہے۔