حیدرآباد: منہ کا کینسر بھارت میں سب سے زیادہ ہونے والے عام کینسروں میں سے ایک ہے۔ پچھلے 10 سالوں میں منہ کے کینسر کے کیسز میں ایک تہائی سے زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ یہ کینسر منہ کے کسی بھی حصے میں ہو سکتا ہے جس میں ہونٹ، مسوڑھہ، زبان، گالوں کی اندرونی سطح، منہ کے اوپر اور زبان کے نیچے شامل ہیں۔ اس خوفناک بیماری سے بچنے کے لیے اس کی علامات کو جاننا اور جلد از جلد اس کا معائنہ کروانا بہت ضروری ہوتا ہے۔
'سائنس ڈائریکٹ' ویب سائٹ میں شائع ہونے والی 2020 کی تحقیق کے مطابق تمباکو کا استعمال منہ کے کینسر کا ایک بڑا عنصر رہا ہے۔ گٹکا، زردہ، کھینی، سگریٹ، بیڑی، ہکا، یہ تمام چیزیں تمباکو میں شامل ہیں جو کہ منہ کے کینسر کی ایک بڑی وجہ ہے۔ نوجوان اور بوڑھے دونوں قسم کے لوگ اس کے شکار ہو رہے ہیں۔ منہ کا کینسر ہونے سے قبل کچھ علامات نظر آتے ہیں جنہیں کسی بھی قیمت پر نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔
منہ میں سفید دھبے
مسوڑھوں، زبان، ٹانسلز یا منہ پر سرخ یا سفید موٹے دھبوں کا نمودار ہونا خطرناک ہو سکتا ہے۔ اس حالت کو leukoplakia کہا جاتا ہے۔ لیوکوپلاکیا کے زیادہ تر پیچ غیر کینسر کے علامت ہوتے ہیں۔ تاہم، کئی بار یہ کینسر کی ابتدائی علامات بھی ہو سکتی ہیں۔ یہ تمباکو کے استعمال کی وجہ سے ہوتے ہیں۔ اگر کسی کو ایسی علامات نظر آئے تو اسے بلا تاخیر فوری ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔