نئی دہلی: کووڈ کے بڑھتے ہوئے معاملات کو دیکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے دہلی کے محکمہ صحت کے ساتھ میٹنگ کی اور کہا کہ دہلی کے لوگوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے، حکومت کورونا سے نمٹنے کے لیے پوری طرح سے تیار ہے اور ہر طرح کی پریشانیوں سے نمٹے گی۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک مرکزی حکومت کی طرف سے ماسک سے متعلق کوئی رہنما خطوط نہیں آئے ہیں۔ لیکن انفلوئنزا جیسی بیماری میں دہلی میں 100 فیصد ماسک پہننے کی ہدایات دی گئی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ایئرپورٹ پر دو فیصد رینڈم ٹیسٹنگ کرنے کو کہا گیا ہے۔
ایک پریس کانفرنس میں کیجریوال نے کہا کہ اب تک دہلی میں کووڈ کی وجہ سے تین لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ حالانکہ مرنے والوں میں اور بھی کئی طرح کی بیماریاں تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تک ہم نے 100 فیصد جینوم سیکوینسنگ کر چکے ہیں۔ اس وقت دہلی میں X BV 1.16 کوویڈ ویرینٹ کے کیسز میں مزید اضافہ درج کیا جارہا ہے۔ دہلی کے 48 فیصد لوگ اس قسم سے متاثر ہیں، یہ اتنا خطرناک نہیں ہے کہ مریض کو اسپتال میں داخل کرانا پڑے یا جان لیوا ثابت ہو، لیکن کووڈ ویکسین کا اس پر کوئی اثر نہیں ہوتا ہے۔