حیدرآباد: جسم کی بہتر کارکردگی کے لیے وٹامنز کی ضرورت ہوتی ہے۔ تاہم وٹامنز کے کئی اقسام ہیں جس سے جسم کو مختلف فوائد حاصل ہوتے ہیں۔ ان میں ایک ہے وٹامن ڈی جو ہڈیوں کی مضبوطی اور مدافعتی نظام کے لیے ضروری سمجھا جاتا ہے۔ جب جلد سورج کی روشنی میں آتی ہے تو جسم میں وٹامن ڈی پیدا ہوتا ہے۔ اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ آپ روزانہ صبح کی سورج کی روشنی حاصل کرکے کافی مقدار میں وٹامن ڈی حاصل کرسکتے ہیں۔ اگر آپ سورج کی روشنی نہیں لے پاتے ہیں تو آپ کچھ غذاؤں (وٹامن ڈی سے بھرپور غذا) کو اپنے خوراک شامل کرکے وٹامن ڈی حاصل کرسکتے ہیں۔
وٹامن ڈی کی کمی کا اندازہ کیسے لگائیں
اب سوال یہ ہے کہ آپ کو کیسے پتہ چلے گا کہ آپ کے جسم میں وٹامن ڈی کی کمی ہے یا نہیں؟ اس کے لیے خون کا ٹیسٹ کیا جا سکتا ہے لیکن کچھ اور بھی طریقے ہیں جن کے ذریعے آپ یہ جان سکتے ہیں کہ آپ وٹامن ڈی کی کمی کا شکار ہیں یا نہیں۔ ایک بات ہمیشہ ذہن میں رکھیں کہ جسم میں وٹامن ڈی کی کمی آپ کی ہڈیوں کو نقصان پہنچا سکتی ہے جس سے ہڈیاں کمزور ہو سکتی ہیں۔ تو آئیے آج جانتے ہیں کہ وٹامن ڈی کی کمی کی وجہ سے آپ کو کن کن مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اور وٹامن ڈی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے آپ کو کیا کھانا چاہیے۔
وٹامن ڈی جسم میں زخموں کو بھرنے کی صلاحیت کو بڑھاتا ہے۔ یعنی اس کی کمی کی وجہ سے جسم کے زخم جلدی نہیں بھرتے۔ اگرچہ یہ علامت ذیابیطس کی بھی ہے لیکن اگر آپ کو شوگر کا مسئلہ نہیں ہے تو فوری طور پر ڈاکٹر کے پاس جائیں۔
ذہنی دباؤ
این سی بی آئی کی ایک رپورٹ کے مطابق وٹامن ڈی انسان کی ذہنی حالت کو متاثر کرتا ہے۔ اس کی کمی کی وجہ سے آپ کو ڈپریشن کا مسئلہ ہو سکتا ہے۔ متعدد مطالعات سے پتہ چلتا ہے کہ وٹامن ڈی سپلیمنٹس لینے سے ڈپریشن کے علاج میں مدد مل سکتی ہے۔
تھکاوٹ
اگر آپ کافی آرام کرنے کے باوجود ہمیشہ تھکاوٹ محسوس کرتے ہیں تو یہ وٹامن ڈی کی کمی کی علامت ہو سکتی ہے۔ بلاشبہ تھکاوٹ کینسر اور ذیابیطس سمیت کئی بیماریوں کی علامت ہے لیکن اگر آپ کو سر درد، نیند کی کمی اور ہڈیوں میں مسلسل درد رہتا ہے تو یہ وٹامن ڈی کی کمی کی علامت ہوسکتی ہے۔
کمر میں مسلسل درد
چونکہ وٹامن ڈی کا براہ راست تعلق ہڈیوں کی صحت سے ہے، اس لیے اس کی کمی آپ کو ہڈیوں میں درد محسوس کرا سکتی ہے۔ وٹامن ڈی جسم کی کیلشیم جذب کرنے کی صلاحیت کو بڑھا کر ہڈیوں کی پرورش کرتا ہے۔ یہ پایا گیا ہے کہ جو لوگ جوڑوں کے درد، پٹھوں میں درد اور کمر کے مستقل درد میں مبتلا ہیں ان میں وٹامن ڈی کی سطح کم ہوتی ہے۔