رانچی: نیشنل میڈیکل کونسل نے جھارکھنڈ کے تین سرکاری میڈیکل کالجوں میں اس سیشن میں ایم بی بی ایس میں داخلے کی اجازت نہیں دی ہے۔ ان کالجوں میں ہزاری باغ میں واقع شیخ بھکھاری میڈیکل کالج، پلامو میں راجہ میدنی رائے میڈیکل کالج اور دمکا میں پھولو جھانو میڈیکل کالج شامل ہیں۔
ان تینوں کالجوں میں ایم بی بی ایس کی 100-100 سیٹیں ہیں۔ مانا جا رہا ہے کہ ان کالجوں انفراسٹرکچر اور اساتذہ کی کمی کی وجہ سے داخلہ کے لیے این ایم سی سے گرین سگنل نہیں مل رہا ہے۔ ایسے میں یہاں داخلے کی امید رکھنے والے طلبہ مایوس ہیں۔
جھارکھنڈ میں کل چھ سرکاری میڈیکل کالج اور دو پرائیویٹ میڈیکل کالج ہیں، جہاں ایم بی بی ایس کا کورس کرایا جاتا ہے۔ سرکاری کالجوں میں کل 680 نشستیں ہیں، جبکہ دو نجی کالجوں میں 250 نشستیں ہیں۔ اس طرح ریاست میں ایم بی بی ایس کی کل 930 نشستیں ہیں۔ اگر این ایم سی ان تینوں میڈیکل کالجوں میں داخلے کی اجازت نہیں دیتی ہے تو سرکاری کالجوں میں میڈیکل کی نشستوں کی تعداد صرف 350 رہ جائے گی۔