حیدرآباد: یونیورسل ہیلتھ کوریج ڈے ہر سال 12 دسمبر کو دنیا بھر میں منایا جاتا ہے جس کا مقصد پوری دنیا کے لوگوں کو بغیر کسی امتیاز کے صحت کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ دنیا بھر میں کروڑوں لوگ ایسے ہیں جو آج بھی مکمل طور پر صحت کی سہولیات سے محروم ہیں۔ اگرچہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر میڈیکل پریکٹس اور دیگر متعلقہ شعبوں میں کافی ترقی ہوئی ہے، اس کے باوجود بھی نہ صرف بھارت میں بلکہ عالمی سطح پر لوگوں کی ایک بڑی تعداد یونیورسل ہیلتھ کوریج کا فائدہ اٹھانے سے قاصر ہے۔
رواں برس 'یونیورسل ہیلتھ کوریج ڈے" Health for All: Protect Everyone کے تھیم پر منایا جارہا ہے۔
اسی حوالے سے ہر سال 12 دسمبر کو "یونیورسل ہیلتھ کوریج ڈے" یا 'انٹرنیشنل یونیورسل ہیلتھ کوریج ڈے' پوری دنیا میں منایا جاتا ہے تاکہ ہر فرد کو ہر جگہ بغیر کسی مشکلات کا سامنا کیے صحت کی ضروری خدمات کا فائدہ حاصل ہوسکے۔ اس سال یہ دن "سب کے لیے صحت اور سب کی حفاظت" کے موضوع پر منایا جا رہا ہے۔ اس تھیم کا مقصد کورونا وائرس کی وجہ سے عالمی سطح پر پھیلے وبائی بیماری کے بحران کو ختم کرنے اور لوگوں کو بیماری سے محفوظ رکھنے کی ترغیب دینا ہے۔
تاریخ اور مقصد
یونیورسل ہیلتھ کوریج (UHC) ڈے کا بنیادی مقصد نہ صرف صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو بہتر اور ہر عام آدمی کے لیے قابل رسائی بنانا ہے بلکہ ہر ایک کو مالی تحفظ کے ساتھ ساتھ اچھی صحت کی دیکھ بھال فراہم کرنے کی کوشش بھی کرنا ہے۔ درحقیقت، 12 دسمبر 2012 کو، اقوام متحدہ کی جانب سے متفقہ طور پر ایک تاریخی قرارداد پیش کی گئی تھی، جس میں تمام ممالک سے کہا گیا تھا کہ وہ بین الاقوامی ترقی کے لیے ایک ضروری ترجیح کے طور پر یونیورسل ہیلتھ کوریج میں تیزی لائیں۔ اس کے بعد سال 2014 میں یونیورسل ہیلتھ کوریج الائنس کی جانب سے 12 دسمبر کو یونیورسل ہیلتھ کوریج ڈے کے طور پر منایا گیا۔ بعد ازاں 2017 میں اقوام متحدہ نے باضابطہ طور پر 12 دسمبر کو عالمی یونیورسل ہیلتھ کوریج ڈے کے طور پر نامزد کیا۔
یونیورسل ہیلتھ کوریج کیا ہے؟
بونیورسل ہیلتھ کوریج کا مطلب ہے کہ تمام شہریوں کو ان کی آمدنی کی سطح، سماجی حیثیت، جنس، ذات، مذہب سے اوپر اٹھ کر صحت کی سہولیات فراہم کرانا ہے۔ اس میں طبی سہولیات، علاج، دیکھ بھال اور روک تھام شامل ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ یونیورسل ہیلتھ کوریج سے نہ صرف ذاتی بلکہ بہت سے سماجی فوائد بھی حاصل ہوسکتے ہیں۔