مین پوری: اتر پردیش کے مین پوری ضلع کے گورنمنٹ انجینئرنگ کالج میں آلودہ پانی پینے سے تقریباً 21 طلباء بیمار ہو گئے جس میں سات کو دوسرے ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب ضلع محکمہ صحت کے حکام کو معلوم ہوا کہ ایک کالج کے طلبہ کی بڑی تعداد کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ مین پوری کے چیف میڈیکل آفیسر (سی ایم او) پی پی سنگھ اور مدن لال، مہاراجہ تیج سنگھ ڈسٹرکٹ ہسپتال کے سینٹر فار میڈیکیئر اینڈ میڈیکل سروسز طلباء کی حالت دریافت کرنے اور ان کا جائزہ لینے کے لیے فوری طور پر ضلع اسپتال پہنچے۔
مدن لال (سی ایم ایس) نے بتایا کہ ہسپتال پہنچنے کے بعد پتہ چلا ہے کہ گورنمنٹ انجینئرنگ کالج کے کم از کم 21 طلباء کو 9 فروری سے الٹی اور پیچش کی شکایت تھی، جس سے ان کی حالت نازک ہونے لگی تو انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ فی الحال اس وقت سات طالب علم ہسپتال میں زیر علاج ہیں جبکہ دیگر کو ہسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ جمعرات کی رات کو واٹر کولر کا پانی پینے کے بعد انجینئرنگ کالج کے 21 طلباء کی حالت مزید خراب ہوگئی تھی، جس کے بعد سبھی کو ضلع اسپتال لایا گیا، جہاں سات طلبا کو ڈاکٹرز نے ایڈمٹ کرلیا، جبکہ دیگر کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا۔