گزشتہ 20 دسمبر کو امت شاہ کی موجودگی میں ترنمول کانگریس کے سات ارکان اسمبلی اور ایک رکن پارلیمان کے بی جے پی میں شامل ہونے کے دس دنوں بعد ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے پہلی بڑی ریلی میں شرکت کی۔
بیربھوم ضلع کے بولپور میں وزیراعلی ممتا بنرجی نے چار کلو میٹر طویل پیدل روڈ شو کی قیادت کی۔
ممتا بنرجی نے بی جے پی رہنما امت شاہ پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ارکان اسمبلی کو خریدا جا سکتا ہے لیکن ترنمول کانگریس پارٹی کو نہیں۔
انہوں نے کہا کہ 'ماں ماٹی مانش کی جماعت ترنمول کانگریس کو نہ خریدا جا سکتا ہے اور نہ ہی توڑا جا سکتا ہےکیونکہ چند ایماندار لوگوں نے اپنی جان قربان کرکے اس پارٹی کی تشکیل دی ہے۔
ممتا دیدی نے مزید کہا کہ 'جو لوگ بِکاؤ تھے وہ ایمان اور ضمیر فروخت کر کے چلے گئے۔ ان ضمیر فروشوں کا اب نہ پارٹی سے کوئی لینا دینا ہے اور نہ ہی عوام سے۔
ممتا بنرجی کا عوام سے خطاب وزیراعلیٰ نے کہا کہ قومی ترانہ کے بانی، عظیم ادیب اور نوبل انعام یافتہ رابندر ناتھ ٹیگور واحد شخصیت ہیں جنہوں نے بنگال کو سونار بنگلہ بنانے کی بات کہی ہے۔ ان کی کہی ہوئی بات بنگلہ دیش کا قومی ترانہ کے طور پوری دنیا کے سامنے ہے۔ ان کے علاوہ یہ باتیں کوئی اور کہہ ہی نہیں سکتا ہے لیکن آج کوئی بھی سونار بنگلہ بنانے کی بات کہہ دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی ریاستوں سے تعلق رکھنے والے بی جے پی کے رہنماؤں کو کچھ سمجھ میں آتا ہی نہیں ہے اس لیے بنگال کو سونار بنگلہ بنانے کی بات کہہ کر نکل جاتے ہیں۔